لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر وزیر اعلیٰ اور وزراء کے دوروں پر خرچ رقم اور سرمایہ کاری پر قرطاس ابیض جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپئے خرچ کرنے کے باوجود ایک روپئے کی بھی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔ حکومت کو بجٹ سے قرطاس ابیض جاری کر کے دوروں پر خرچ اورسرمایہ کاری کی اطلاع دینی چاہئے۔ پارٹی کے کمیونکیشن محکمہ کے چیئرمین ستیہ دیو ترپاٹھی نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو گمراہ کیا۔ سرمایہ کاری کے اعلانات کھوکھلے ثابت ہوئے اور غیر ملکی دوروں کے نام پر کروڑوں روپئے بہائے گئے۔ ان غیر ملکی دوروں میں ایم او یو پر دستخط ہوئے، ایک پیسے کی بھی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران ایس پی سربراہ نے بندیل کھنڈ کو اسرائیل بنانے کا اعلان کیا تھا۔اقتدار میں آنے کے بعد تین برس بعد اب تک بندیل کھنڈ میں ترقیات کے نام پر ایک پیسہ بھی نہیں خرچ کیا گیا۔ اب ایک مرتبہ پھر بندیل کھنڈ کی ترقیات کے خواب
دکھائے جا رہے ہیں جو بندیل کھنڈ کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے سابقہ یو پی اے حکومت میں بندیل کھنڈ کی ترقی کیلئے سات ہزار کروڑ رورپئے کا خصوصی پیکیج دلایا تھا، اس پیکیج کی رقم کہاں خرچ ہوئی اور بندیل کھنڈ کے عوام کو کس قسم کا فائدہ ملا ریاستی حکومت کو یہ بات بھی عام کرنا ہوگی۔