لکھنؤ:اٹونجہ کے کمہراواں گاؤں میں کل ملی خاتون کی لاش کی شناخت آج بھی نہیں ہوسکی۔ سی او بخشی کا تالاب ڈاکٹر راکیش مشرا نے بتایا کہ لاش ملنے کے بعد سے اب تک اٹونجہ پولیس لاش کی شناخت کرانے کی ہر ممکن کوشش کر چکی ہے لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔ خاتون کی لاش ملنے کی اطلاع پر آج دو کنبوں کے لوگ اٹونجہ تھانہ شناخت کیلئے پہنچے تو لاش کی فوٹو دیکھ کر ان لوگوں نے لاش شناخت کرنے سے انکار کردیا۔ اٹونجہ پولیس نے خاتون کی لاش ملنے کی اطلاع ضلع بارہ بنکی پولیس کو بھی دی ہے۔ سی او کا کہنا ہے کہ ایک بار لاش کی شناخت ہو جائے تو پھر آگے کی کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر کمہراواں گاؤں میں ایک خاتون کی لاش سڑک پر پڑی ملی تھی اس کا گلا چاقو سے کاٹا گیا تھا اور دونوں آنکھیں بھی پھوڑ دی گئی تھیں۔