لکھنؤ(نامہ نگار)آج یہاں لامارٹینئر میدان پر آئی اے ایس سروس کے دوران کھیلے گئے ۲۰۔۲۰اووروں کے ایک دوستانہ میچ میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کپتانی میں وزیراعلیٰ ۔۱۱نے آئی اے ایس ۔۱۱کو ۱۵رنوں سے شکست دی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اسمبلی اسپیکر ماتاپرشاد پانڈے نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی ۔ مین آف دی میچ اور سب سے تیز گیندباز کاانعام وزیر اعلیٰ کودیا گیا ۔ سب سے تیز بلے باز عرفان سولنکی کو سب سے اچھے فیلڈر کے طور پر دیپک یادو ،یوگیش پرتاب سنگھ اور رگھوراج پرتاب سنگھ عر ف راجا بھیا کومشترکہ طور پرانعام سے سرفرازکیاگیا۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ ۔۱۱ کے کپتان اکھلیش یادونے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ ۔۱۱ کی جانب سے اننگس کا آغاز ریحان نعیم اور عرفان سولنکی نے کیا ۔ وزیر اعلیٰ۔۱۱ نے مقررہ ۲۰اوروں میں اندھادھن بلے بازی کرتے ہوئے چار وکٹ کھوکر ۱۵۱رن بنائے ۔ وزیر اعلیٰ۔۱۱ کی جانب سے عرفان سولنکی نے ۴۰،اکھلیش یادو نے ۳۵،اور راکیش پرتاب سنگھ نے ۳۲رن بنائے ۔آئی اے ایس ۔۱۱ کے کپتان جاوید عثمانی کی قیادت والی ٹیم ۲ء۱۸اوور میں ۱۳۶رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی ۔وزیر اعلیٰ۔۱۱ کے جانب سے اکھلیش یادونے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے دووکٹ بھی لئے ۔
رنیویو کونسل کے صدرجاوید عثمانی اور چیف سکریٹری آلوک رنجن نے اس اہتما م کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ ۔۱۱کی ٹیم میں وزیراعلیٰ کے علاوہ ریحان نعیم ،عرفان سولنکی ،رگھوراج پرتاب سنگھ عرف راجا بھیا ،راکیش پرتاب سنگھ ،یوگیش پرتاب سنگھ ،ابھیشیک مشرا،دیپک یادو ،رام سنگھ ، نیرج شیکھر ،پرشانت ،کمال اختر ،طاہر اور ونود شامل تھے ۔آئی اے ایس ۔۱۱ٹیم میں کپتان جاوید عثمانی کے علاوہ آلوک رنجن نونیت سہگل ،بھوونیش کمار ،پارتھ سارتھی سین شرما،انوراگ یادو ،سبھاش شرما،پنکج یادو،انل کمار سوم ،رویندر کمار اور وجے کرن شامل تھے ۔اس موقع پر ریاستی حکومت کے وزیر راجندر چودھری ،احمد حسن ،رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو سمیت دیگر عوامی نمائندے ،سینئر افسران اور بڑی تعداد میں کھیل شائقین موجود تھے ۔
میچ کے اختتام پر منعقد انعام تقسیم پروگرام میں وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ جس جذبہ کے ساتھ یہ میچ کھیلا گیاہے اسی طرح سبھی کے تعاون سے اترپردیش کو خوشحالی اور ترقیا ت کے راستے پر لے جایا جائے گا ۔
مسٹر یادو نے کہا کہ متحد ہوکر کام کرنے سے تمام مسائل کاحل نکل سکتاہے۔اس طرح کے اہتمام سے نئے تعلقات بنتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومت کے ذریعہ آئی اے ایس سروس کو بند کردیا گیاتھا ۔ لیکن سماجوادی حکومت کے اقتدار میں آتے ہی اسے دوبارہ شروع کیاگیا ۔ اسمبلی اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے کہا کہ کھیل کے ذریعہ باہمی ہم آہنگی اور خیر سگالی میں اضافہ ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش ہی ایسی ریاست ہے جہاں اس طرح کا اہتما م ہوتاہے ۔ اس پر کئی ریاستیں حیرانی ظاہر کرتی ہیں ۔