لکھنؤ:اندرا نگر کے بقایہ دار صارف سے بل وصول کرنے گئے جونیئر انجینئر کو صارف نے پیٹ دیا۔ اس معاملہ میں جونیئر انجینئر نے پولیس میں معاملہ درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی لاپروائی کو دیکھتے ہوئے بجلی ملازمین نے مانس کالونی پولیس تھانہ پر مظاہرہ کیا۔ تقریباً ۹۹ہزار روپئے کے بقایہ پر ضلع الیکٹورل افسر کی بجلی کاٹ دی گئی۔ بجلی بقایہ داروں کے خلاف چل رہی مہم کے تحت لیسا انجینئر اندرانگر سیکٹر-۱۴مانس وہار کالونی پہنچے۔ کالونی میں گیتا مشرا کے نام سے چل رہے بجلی کنکشن پر بقایا تھا جونیئر انجینئر آر سی دکشت نے صارف سے کہا کہ وہ اپنے ۶۲ہزار روپئے بقایہ کو فوراً ادا کریں ورنہ بجلی کاٹ دی جائے گی۔ صارف کی جانب سے بقایہ ادا کرنے میں معذوری ظاہر کرنے پر جونیئر انجینئر نے بجلی کاٹنے کا دباؤ ڈالا تو کالونی کے کئی لوگ وہاں جمع ہو گئے کچھ ہی دیر میں مقامی لوگ جونیئر انجینئر و دیگر بجلی ملازمین سے جھگڑے پر آمادہ ہو گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے صورتحال خراب ہوتی چلی گئی اور لوگوںنے جونیئر انجینئر آر سی دکشت کی پٹائی کر دی۔ جے ای و دیگر بجلی ملازمین کسی طرح موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے اور اس کی اطلاع محکمہ کے اعلیٰ افسران کو دی۔ اعلیٰ افسران کی ہدایت پر جونیئر انجینئر نے پولیس میں معاملہ درج کرایا۔ پولیس کی جانب سے معاملہ ہلکے میں لئے جانے پر اندرا نگر بلاک دفتر کے ملازمین نے پولیس تھانہ پر مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دیر شام تک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ۹۹ہزار روپئے کے بقایہ پر ضلع الیکٹورل دفتر کی بجلی جمعرات کو کاٹ دی گئی۔
بلاک انجینئر کے مطابق دیرشام تک بقایہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔