لکھنؤ(نامہ نگار)ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے بتایا کہ ۱۹فروری سے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے بورڈ امتحانات شروع ہو جائیںگے۔ سبھی امتحان مراکز منتظمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ نقل سے پاک اور پُر امن امتحانات منعقد کرائے جائیں اس میں کسی طرح کی لاپروائی نہ برتی جائے انہوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اترپردیش ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد کیاجائے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اگر بورڈ امتحانات کرانے میں ابھی کوئی پریشانی ہے تو اس کا نمٹارہ کرانا جلد بنائیں۔ بورڈ امتحان شروع ہونے سے قبل ہی سبھی تیاریاں مکمل کر لی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے ۱۴۹مراکز پر ہائی اسکول و انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں ۱۰۸۳۴۹؍ امیدوار امتحان دیںگے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ امتحان نگراں کے شناختی کارڈ وقت سے تیار کر لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امتحان مرکز پر اجتماعی نقل کرتے ہوئے امیدوار پائے جائیںگے تو متعلقہ مراکز منتظمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیس فورس ک
ا بندوبست متعلقہ تھانے سے رابطہ کر کے یقینی بنایا جائے اور پولیس فورس کی حفاظت میں ہی امتحان کاپیوں کے بنڈل مرکز پر حاصل کرنا یقینی بنائیں۔
امتحان مراکز میں ۱۲حساس
اور ۲۰؍انتہائی حساس
ڈی آئی او ایس پی سی یادو نے بتایا کہ اس سال ضلع میں ۱۴۹؍امتحان مراکز بنائے گئے ہیں جن میں سے ۲۰؍انتہائی حساس اور ۱۲حساس امتحان مراکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان مرکز پر فرنیچر، بجلی، پانی، اسٹریٹ لائٹ، صفائی، بیت الخلاء وغیرہ کی تیاری امتحان سے قبل کر لی جائے۔ طلباء کے سیٹنگ پلان میں کسی طرح کی کوئی خامی نہ ہونے پائے۔
ریگولر و پرائیویٹ امیدواروں کی تعداد
ہائی اسکول امتحان میں ریگولر ۵۶۶۰۲؍امیدوار ہیں جن میں ۲۸۷۱۹ لڑکے، ۲۷۸۸۳لڑکیاں ہیں۔ اسی طرح پرائیویٹ امیدواروں کی تعداد ۱۲۷۲ ہے جن میں سے ۸۸۴لڑکے اور ۳۸۸ لڑکیاں ہیں۔ اسی طرح انٹر میڈیٹ کے امتحان میں شامل ہونے والے ریگولر طلباء کی تعداد ۴۷۵۴۹ ہے جن میں ۲۳۱۳۰لڑکے اور ۲۴۴۱۹ لڑکیاں ہیں۔ پرائیویٹ امیدوار کل ۲۹۲۶ ہیں جن میں سے ۱۸۶۸ لڑکے اور ۱۰۵۸ لڑکیاں امتحان میں شامل ہوںگی۔
حساس مراکز پرسیکٹر مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہوںگے امتحان
بورڈ امتحانات کے پیش نظر سبھی امتحان مراکز پر ضرورت کے مطابق سیکورٹی فورس تعینات کی جائے۔ حساس امتحان مراکز پر ایک سب انسپکٹر کے ساتھ چھ سپاہیوں کی ڈیوٹی لگائی جائے یہ ہدایت دوشنبہ کو بورڈ امتحانات کے سلسلہ میں جلسہ کر رہے ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے دی۔ انہوں نے کہا کہ جو امتحان مراکز انتہائی حساس مراکز کے زمرے میں آتے ہیں ان مراکز پر ایک سیکٹر مجسٹریٹ کی بھی تعیناتی کی جائے۔ یہ سیکٹر مجسٹریٹ اور پولیس فورس کے ساتھ ہر ایک گھنٹے میں امتحان مراکز کی نگرانی کرے گا۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ امتحان مراکز کی نگرانی میں کسی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت نے نامنظور کی تجویز
ذرائع بتاتے ہیں کہ بورڈ امتحانات کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے امتحان مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن حکومت نے امتحان مراکز پر سی سی ٹی وی لگانے کی تجویز کو نامنظور کر دیا ہے۔
آٹھ فلائنگ اسکوائڈ کی تشکیل
بورڈ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے ضلع میں آٹھ فلائنگ اسکوائڈ بنائے گئے ہیں جو مسلسل امتحان کے دوران کسی بھی امتحان مرکز پر پہنچ کر جانچ کر سکیںگے۔ ان فلائنگ اسکوائڈ کو اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ سب سے زیادہ حساس امتحان مرکز کون کون سے ہیں۔