نئی دہلی :جرمنی کی لگژری کار کمپنی آڈی نے جنوری سے ہندوستان میں اپنے مختلف ماڈلس کی قیمتوں میں پانچ فیصد تک کے اضافے کا اعلان کیا ہے ۔ کمپنی نے اقتصادی وجوہات سے اس کے کاروبار پر پڑے دباؤ کے مدنظر یہ قدم اٹھایا ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ جنوری ۲۰۱۴ سے ہندوستان میں اس کے مختلف ماڈلوں کی قیمت میں ۳ سے ۵ فیصد کا اضافہ ہوگا۔ آڈی انڈیا کے سربراہ جوئے کنگ نے کہا کہ ہم نے اس بات کا دھیان رکھا ہے کہ صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے ۔ آڈی ہندوستان میں سیڈان اے -۴ ، ایس -۴ ، اے -۶ ، ایس -۶ ، اے -۸ ؍اور ایس یو وی کیو -۳ ، کیو-۵ اور کیو-۷ اور اسپورٹس کار آر-۸ ، وی -۸ ؍اور آر-۸ اسپائڈر کی فروخت کرتی ہے۔ کمپنی کے ان ماڈلوں کی قیمت ۹۳ء۲۷ لاکھ روپئے سے ۱۴ء۲ کروڑ روپئے (ایکس شوروم دہلی) ہے۔ بازار کی حالت اچھی نہ ہونے کے باوجود کمپنی بہتر فروخت حاصل کررہی ہے۔ جنوری -اکتوبر ۲۰۱۳ میں کمپنی کی فروخت ۴ء۱۵ فیصد بڑھ کر ۸۳۹۳ ؍اکائی پر پہنچ گئی جو اس سے قبل سال کی مساوی مدت میں ۷۲۶۷؍اکائی تھی۔