لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ ہمیں اپنے ملک پر فخر ہے۔ جہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں۔ سماجوادی حکومت اس روایت کو برقرار رکھنے کیلئے پُر عزم ہے۔ اس کیلئے چاہے جو بھی قیمت ادا کرنا پڑے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی حکومت سبھی مذاہب، فرقوں کو برابری کے ساتھ باعزت زندگی گزارنے کا ماحول برقرار رکھنے کی کوشش کرتی رہے گی۔
مسٹر یادو آج سینٹ فرانسس کالج کیمپس میں منعقد ’دی کیتھولک ڈائیوسیز آف لکھنؤ‘ کی پلیٹنم جبلی تقریب کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی مذاہب کا ہدف ایک ہے۔ سبھی مذاہب مل جل کر رہنے کا پیغام دیتے ہی
ں۔ انہوںنے کہا کہ آدمی کی زندگی مختصر ہوتی ہے لیکن ادارے طویل مدت تک لوگوں کیلئے مفید رہتے ہیں اس لئے اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے مسلسل کام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوںنے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ عیسائی فرقے کی جانب سے قائم اداروں میں بغیر کسی تفریق کے مقامی لوگوں کی خدمت کرنے اور بچوں کومعیاری تعلیم فراہم کرانے کاکام کیا جا رہا ہے۔ ان اداروں نے آنے والی نسل میں بھائی چارہ بڑھانے اور انسانیت کیلئے کام کرنے کا موثر پیغام دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستان کے محکمہ ڈاک کی جانب سے تقریب کیلئے تیار کئے گئے اسپیشل کور کو جاری کیا۔
ہندوستان اور نیپال کیلئے کیتھولک مذہبی رہنما کے سفیر سلواٹور پینیشیو نے پروگرام میں شامل ہونے کیلئے وزیر اعلیٰ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور دیگر افراد کی موجودگی سے واضح ہے کہ ادارہ لوگوں کی بہتر خدمت کر رہا ہے۔ اس موقع پر میئر ڈاکٹر دنیش شرما نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ لکھنؤ کے بشپ جیرالڈ جان میتھیاس نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جبکہ فادر رونالڈ ڈیسوزا نے اظہار تشکر ادا کئے۔ پروگرام میں وزیر سیاسی پنشن راجندر چودھری سمیت بڑی تعداد میں معززین شہر، طلباء و طالبات اور اساتذہ موجود تھے۔