کینبرا۔کرکٹ کے ورلڈ کپ مقابلوں میں بدھ کو گروپ اے میں بنگلہ دیش نیکینبرا میں کھیلے جانے والے میچ میں 268 رنزبنائے۔اس کے ہدف کے تعاقب میں افغانستانی ٹیم 162رن بناکرآئوٹ ہوگئی۔اوراس طرح سے وہ بنگلہ دیش سے 105رن سے ہارگئی۔افغانستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے افغان بلے باز جاوید احمدی تھے جنھیں مشرفی مرتضٰی نے پہلے ہی اوور میں اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر دوسرے اوپنر افسر زازائی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔مشرفی نے اپنے دوسرے اوور میں اصغر ستنکزئی کو سلپ میں کیچ کروا کے بنگلہ دیش کو تیسری کامیابی دلوائی۔اس سے قبل بدھ کی صبح بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیشی ٹیم 50ویں اوور کی آخری گیند پر 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔بنگلہ دیشی اننگز کی خاص بات شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی نصف سنچریاں تھیں۔
ان دونوں نے بالترتیب 63 اور 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔اننگز میں زیادہ تر سست روی سے بلے بازی کے برعکس بیٹنگ پاور پلے میں بنگلہ دیشی بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور یہ انداز اننگز کے آخر تک برقرار رہا۔افغانستان کی جانب سے تمام بولروں نے اچھی کارکردگی دکھائی اور میر واعظ اشرف، شاہپور زدران، حامد حسن اور آفتاب عالم نے دو، دو وکٹیں لیں۔افغان اسپنر سمیع شنواری اس میچ میں اپنے دس اوور نہ کر سکے کیونکہ اننگز کے 33ویں اوور میں امپائر نے گیند کروانے کے بعد پچ پر دوڑنے پر ان پر پابندی لگا دی اور ان کا اوور جاوید احمدی نے پورا کروایا۔یہ دونوں ٹیمیں ماضی میں صرف ایک بار 2014 کے ایشیا کپ میں مدِمقابل آ چکی ہیں جہاں افغانستان نے بنگلہ دیش کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔افغانستان کی ٹیم پہلی بار کرکٹ کے ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش کا یہ پانچواں ورلڈ کپ ہے۔بنگلہ دیش نے 1999 میں اپنے پہلے ورلڈ کپ میں پاکستانی جیسی مضبوط ٹیم کو ہرایا تھا لیکن وہ آج تک چار میں سے صرف ایک بار 2007 کے ورلڈ کپ میں ہی کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچ پائی ہے۔