نئی دہلی:برطانیہ کی ٹرائی امف موٹر سائیکل نے آج دس نئے ماڈل پیش کرکے ہندوستانی بازار میں دستک دی۔ کمپنی کی سبھی موٹر سائیکلوں کی قیمت ۷ء۵ لاکھ سے ۲۰لاکھ روپئے کے درمیان ہے۔
کمپنی کی موٹرسائیکلوں میں کلاسک اور روڈسٹرس جیسے مختلف زمروں کی موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔ کمپنی کے ڈائریکٹر پال اسٹراوڈ نے یہاں کہا کہ ہندوستان ہمارے لئے بہت اہم بازار ہے اور ہم یہاں کاروبار میں اضافہ کی امید کررہے ہیں۔ اسٹراوڈ نے کہا کہ ہمارا اس سال کا مقصد ٹرائی امف برانڈ کو قائم کرنا ہے۔ کمپنی وینی ولو ٹی ۱۰۰ ، ڈائٹونا ۶۷۵آر ،اسٹریٹ ٹریپل اور ٹرکسٹون کا پروڈکشن مانیسر کارخانہ میں کرے گی ۔
اس کے علاوہ کمپنی راکیٹ روڈسٹر ، ٹائیگر ایکسپلورر، ٹائیگر ۸۰۰ ؍ایکس سی ، تھنڈ ر برڈ اسٹارم کو درآمد کرے گی اس کے لئے کمپنی جلد ہی دہلی ، ممبئی ، بنگلور اور حیدرآباد میں اپنی ڈیلر شپ شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ ٹرائی امف برطانیہ کی سب سے بڑی موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی ہے۔ دنیا بھر میں کمپنی کے ۷۴۰ سے بھی زیادہ ڈیلر ہیں۔