نیلامی کے لئے لگائی گئی اس نمائش میں کئی چیزیں رکھی گئی ہیں لیکن اس میں کشش کا اصل مرکز مسٹر مودی کا وہ سوٹ ہی ہے ، جسے احمد آباد کے ہی ایک ٹیلر نے خاص طور پر ان کے لئے تیار کیا تھا ۔ گجرات کے ایک تاجر رمیش بھائی ویرانی نے وزیر اعظم کو تحفے میں یہ سوٹ دیا تھا۔مبینہ طور پر انتہائی مہنگے اس سوٹ کے سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں نے وزیر اعظم کو نشانہ بھی بنایا تھا۔
مسٹر مودی کی شکل و صورت سے مماثلت رکھنے والی ایک ڈمی کو یہ سوٹ پہناکر اسی نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے ۔دریں اثنا مسٹر ویرانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کے والد ہر سال مسٹر مودی کو روایتی گجراتی پوشاک کی ایک جوڑی تحفے میں پیش کیا کرتے تھے ۔ مذکورہ سوٹ انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی کے موقع پر انہیں دیا تھا۔دوسری طرف نیلامی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ سوٹ ہی اس نمائش کی کشش کا اصل مرکز ہے جس کی قیمت کافی اوپر تک پہنچنے کی امید ہے ۔