مطاف کی توسیع سے ایک گھنٹے میں بیک وقت ایک لاکھ تیس ہزار زائرین طواف کعبہ کرسکیں گے۔
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے توسیع شدہ حصے کو نمازیوں اور زائرین عمرہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کھولنے کی ہدایت کی ہے۔
مسجد الحرام میں شاہ عبداللہ حرم توسیعی منصوبے کے تحت مزید جگہ کو شامل کیا گیا ہے اور اس پر نئی تعمیرات کی گئی ہیں جس کے بعد اب مسجد الحرام میں
مزید قریباً پانچ لاکھ نمازی بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی پریزیڈینسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے بتایا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالرحمان نے مسجد الحرام کے مکمل ہونے والے حصے کو نمازیوں کے لیے کھولنے کی ہدایت کی ہے۔اس سے دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں عمرہ زائرین کو عبادت میں سہولت میسر ہوگی۔
اس توسیع شدہ حصے کو کھولنے سے قبل مطاف کی تیسرے مرحلے میں توسیع کا کام بھی جاری تھا جس کی وجہ سے زائرین عمرہ اس کے ایک حصے کی جانب نہیں جا سکتے تھے۔شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ مطاف کے اس توسیع شدہ حصے کے کھلنے سے اب زائرین اور عبادت گزار کسی رکاوٹ کے بغیر طواف کعبہ کرسکیں گے اور انھیں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اسّی ارب ریال کی لاگت سے مسجد الحرام کا توسیع منصوبہ شروع کیا تھا۔اس کی تکمیل سے مسجد میں بیک وقت بیس لاکھ نمازی نماز ادا کرسکیں گے اور مطاف کی توسیع سے ایک گھنٹے میں بیک وقت ایک لاکھ تیس ہزار زائرین طواف کعبہ کرسکیں گے۔
درایں اثناء خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دیے جانے والے جمعے کے خطبات کے ترکی اور ہاؤسا زبانوں میں ترجمے کی بھی ہدایت کی ہے۔اس سے پہلے جمعہ کے خطبات کے انگریزی ،فرانسیسی ،اردو اور مالے زبان میں براہ راست ترجمے کیے جارہے ہیں۔