لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بورڈ امتحانات کے دوران امتحان دے رہے طلباء کے قبضے سے موبائل نکلنے پر ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے کالج انتظامیہ کی سرزنش کی۔ اس کے علاوہ کالج انتظامیہ کو دوبارہ ایسی غلطی ہونے پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع مجسٹریٹ نے جمعرات کو شروع ہوئے بورڈ امتحانات کاجائزہ لینے کیلئے فیض آباد روڈ واقع رجت بال ودیا مندر گرلس انٹر کالج اور سیکٹر گیارہ اندرا نگر کے سکسینہ انٹر کالج کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ اسسٹنٹ ضلع انسپکٹر آف اسکول ریتا سنگھ و دیگر افراد موجود تھے۔ ضلع مجسٹریٹ نے رجت بال ودیا مندر گرلس انٹر کالج میں معائنہ کے دوران دیکھا کہ دس کمروں میں امتحان منعقد کئے گئے تھے۔ ہر کمرے میںایک باہری اور ایک امتحان نگراں اسکول کا ہونا لازمی تھا لیکن معائنہ کے دوران باہری امتحان نگراں کی غیر موجودگی صفر پائی گئی۔ کچھ نگراں کی غیر حاضری پر ضلع مجسٹریٹ نے سبھی کو وجہ بتاؤ نوٹس کے ساتھ ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ نے جب سکسینہ انٹر کالج کا معائنہ کیا تو اس کالج میں
بھی کل دس کمروں میں امتحانات کرائے جا رہے ہیں جس کیلئے دس امتحان نگراں اس کالج کے اور دس امتحان نگراں باہری اسکول و کالجوں سے مقرر کئے گئے تھے لیکن معائنہ کے وقت صرف دو امتحان نگراں حاضر پائے گئے اور ۸ غیر حاضر پائے گئے۔ ضلع مجسٹریٹ نے ڈی آئی او ایس کو ہدایت دی کہ غیر حاضر امتحان نگراں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈی ایم کو سینٹر کا نام نہیں بتا سکے امتحان دینے والے طلباء :- معائنہ کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے امتحان دے رہے رودر پرتاپ شرما، راج کشیپ، روی کمار اور انتم یادو سے اسکول کا نام دریافت کیا تو طلباء نہیں بتا سکے۔ ان ہی طلباء راج کشیپ اور روی کمار یادو وغیرہ کے پاس کئی موبائل فون پائے گئے جس پر ضلع مجسٹریٹ نے کالج انتظامیہ کے ذریعہ بغیر جانچ کے طلباء کو کالج میں امتحان کیلئے داخلہ پر زبردست سرزنش کی۔