بالی وڈ کی ایسی کئی ہیروئنیںہیں جنہوں نے پہلے اپنے کیریئر کا آغاز گلوکاری سے کیا وہاں نام کمانے کے بعد وہ فلموں میں آئیں۔ ایسی ہی اداکارائوں کی فہرست میں ایک اور نام مونالی ٹھاکر کا بھی جڑ گیا ہے۔ دراصل عباس ٹائروالا کی بننے والی فلم ’مینگو‘ میں مونالی ٹھاکر نے گلوکاری میں نام کمانے کے بعد بطور ہیروئن قدم رکھ دیا ہے۔کلکتہ میں پیدا ہوئی اور وہیں پلی بڑھی مونالی ٹھاکر چھ سال پہلے ممبئی آئیں۔ تاہم انڈین آئڈل میں حصہ لینے سے پہلے ہی ممبئی آنے کا ان کا ارادہ بن چکا تھا۔ انہوںنے کالج کی پڑھائی سینٹ زیویرس سے کی۔ وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کر سکی کیونکہ انہیں پہلے ہی کیریئر بنانے کے لئے مواقع مل گئے اور انھیں ممبئی آنا پڑا۔ مونالی ٹھاکر گائیکی میں غلام علی خاں ، آغا اور کشور کمار کے گائے گیت شروع میں گایا کرتی تھی کیونکہ ان شخصیات کے گیت انہیں بہت پسند ہیں۔ گائیکی کے دوران ہی عباس ٹائروالا نے انہیں فلموں میں آنے کے لئے متحرک کیا۔ ان کے ساتھ اور بھی دیگر ڈائریکٹرس نے بھی آفر دیئے اور اس طرح وہ فلموں میں آ گئیں۔ مونالی ٹھاکر نے ایکٹنگ کی الگ سے کوئی تعلیم نہیں کی ہے۔ ایکٹنگ تو ان کے خون میں ہے کیونکہ ان کے والد شکتی ٹھاکر تھیٹر اداکار رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ گانا بھی گاتے تھے۔ ان کی ماں بھی گاتی تھیں۔ اس طرح گائیکی تو ان کو وراثت میں ہی ملی۔ ان کے ساتھ رہ کر فلموں کے بارے میں جاننے کا انہیں مکمل موقع ملا۔ اس لئے فلموں میں آنے کے بعد انہیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ وہ برابر ہندی اور انگریزی کی فلمیں دیکھتی رہی ہیں۔ اس سے بھی انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ ان کی بننے والی فلم ’ مینگو‘ کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ہائی اینرجی کی اموشنل فلم ہے۔ نوجوان طبقے کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فلم بنائی گئی ہے۔ مونالی ٹھاکر کا پہلا ہٹ گانا ’ ذرا ذرا ٹچ می ٹچ می‘ ہے اس کے بعد ’ خواب دیکھے جھوٹے موٹے‘ تھا۔ انہوں نے فلم انجاناانجانی اور گول مال کا ٹائٹل ٹریک گایا۔ ابھی حال ہی میں منظرعام عام پر آئی فلم لٹیرا کا گانا سنوار لوں۔۔۔‘ انہوں نے گایا ہے۔