لکھنؤ(نامہ نگار)گذشتہ سال حج کے دوران مدینہ سے مکہ جا رہی بس میں لگی آگ سے ریاست کے جن ۳۴حجاج کا سامان جل کر راکھ ہو گیا تھا انہیں بیمہ کمپنی نے فی عازم حج ایک ہزار ریال کی ادائیگی کی ہے۔ بیمہ کمپنی نے یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں منتقل کر دی ہے۔ اترپردیش ریاستی حج کمیٹی نے حج کمیٹی آف انڈیا کو خط لکھ کر جلد ادائیگی کرانے کیلئے کہا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال ۶ستمبر ۲۰۱۴ء کو ریاست کے ۳۴عازمین حج عبدالسرحد ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس کے ذریعہ مدینہ سے مکہ جا رہے تھے۔ اس دوران بس میں آگ لگ گئی تھی جس سے کسی حاجی کو تو نقصان نہیں پہنچا تھا لیکن عازمین حج کا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا تھا۔ حج کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر شہری ترقیات محمد اعظم خاں نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے کونسلیٹ جنرل جدہ کو خط بھیج کر حادثہ پر اعتراض درج کرایا تھا۔ مسٹر خان نے اپنے خط میں عازمین حج کے سامان کے نقصان کا معاوضہ اور بسوں کے انتخاب میں لاپروائی نہ برتنے کے ساتھ ہی فائر سیفٹی کا پورا دھیان رکھنے کو کہا تھا۔ جواب میں کونسلیٹ جنرل نے واقف کرایا کہ عازمین حج کے مکہ پہنچنے کے ساتھ ہی ۵۰۰-۵۰۰ ریال اور کپڑے عبوری را
حت کے طور پر دستیاب کرائے گئے۔ جس بس کمپنی میں حادثہ ہوا اس میں ۵۸ہزار ۹۴۳سعودی ریال کی ادائیگی کی جو حج مشن نے حجاج کو دستیاب کرائے اس کے علاوہ بیمہ کمپنی نے ۳۴حجاج کو ادا کرنے کیلئے فی عازم حج ایک ہزار سعودی ریال حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میںمنتقل کئے ہیں ۔
مسٹر خان نے حج کمیٹی آف انڈیا کو ۳۴حجاج کی فہرست بھیجتے ہوئے فی حاجی ایک ہزار ریال ہندوستانی کرنسی میں جلد ادا کرانے کو کہا ہے۔