ریوڈی جنیرو۔ ڈیوڈ فیرر نے فیبیو فوگنینی کو شکست دے کر ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا، یہ ان کا رواں سیزن کا دوسرا اور مجموعی طور پر 23 واں اے ٹی پی ٹائٹل ہے۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں سیکنڈ سیڈڈ سپین کے ڈیوڈ فیرر نے فورتھ سیڈڈ اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور ٹائٹل جیتا، ان کی فتح کا سکور 6-2 اور 6-3 رہا۔ ڈیوڈ فیرر کا یہ رواں سیزن کا دوسرا اور مجموعی طور پر 23 واں ٹائٹل ہے۔ واضح رہے کہ فیبیو فوگنینی نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کو ہرایا تھا۔وہیں دوسری جانب کروشیا کے ایوو کرلووچ نے ڈیلرے بیچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا، فیصلہ کن معرکے میں کرلووچ نے امریکا کے ڈونلڈ ینگ کو شکست دی، انہوں نے 35 سال کی عمر میں کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل جیتا، اس طرح وہ 1989 کے بعد اے ٹی پی جیتنے والے طویل العمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فلوریڈا میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں فورتھ سیڈڈ کروشیا کے ایوو کرلووچ نے امریکا کے ڈونلڈ ینگ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام
کیا، ان کی جیت کا سکور 6-3 اور 6-3 رہا۔