خالدہ ضیا اور بنگلہ دیش کی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ دیرینہ سیاسی حریف ہیں
بنگلہ دیش میں ایک عدالت نے ملک میں حزبِ اختلاف کی رہنما خالدہ ضیا کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
یہ وارنٹ بدھ کو عدالت میں بدعنوانی کے ایک مقدمے میں حاضر نہ ہونے پر جاری کیے گئے ہیں۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا خیراتی رقوم میں سے ہزاروں ڈالر کی خوردبرد کے الز
امات سے انکار کرتی آئی ہیں۔
ان کی جماعت اس وقت ملک میں عوامی ليگ کی سربراہ شیخ حسینہ کی حکومت کے خلاف مہم بھی چلا رہی ہے۔
گذشتہ ماہ خالدہ ضیا نے اپنے کارکنوں کو ملک گیر ہڑتال کرنے کو کہا تھا تاکہ شیخ حسینہ دوبارہ انتخابات کروانے پر مجبور ہو جائیں۔
ان کے اس اعلان کے بعد سے بنگلہ دیش میں سیاسی تشدد میں کم از کم 100 افراد مارے جا چکے ہیں۔
خالدہ ضیا اور وزیر اعظم شیخ حسینہ دیرینہ سیاسی حریف ہیں اور خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے گذشتہ برس ہونے والے انتخابات میں یہ کہ کر حصہ نہیں لیا تھا کہ ان میں دھاندلی ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کے انتخابات کے بعد سے اب تک حزبِ اختلاف کے درجنوں کارکن لاپتہ ہوچکے ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکنوں کی گمشدگی میں حکومت ملوث ہے۔