ممبئی ۔اداکار راہل بھٹ اپنی اگلی دو فلموں میں دو مختلف سیاست دانوں کا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔تاہم، راہل نے ان قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا کہ ان کے دونوں کردار نامور سیاست دانوں راہل گاندھی اور پاکستان کے بلاول بھٹو کی زندگی سے متاثر ہوں گے۔راہل کا کہنا ہے کہ وہ سدھیر مشرا کی فلم ‘اور دیوداس’ میں ایک سیاست دان کے بیٹے کا کردار ادا کریں گے۔
یہ فلم جدید دور کے دیوداس کے گرد گھومے گی’ ۔ راہل نے اپنی دوسری فلم میں بلاول بھٹو سے اپنے موازنے پر حیرت ظاہر کی۔راہل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھیشک کپور کی بطور ہدایت کار پہلی فلم میں وہ ایک پاکستانی سیاست دان کے جانشین بیٹے بنیں گے۔اس فلم میں ان کے ساتھ کترینہ کیف، ریکھا، اجے دیو گن اور ادیتہ رائے کپور بھی نظر آئیں گے۔راہل نے تسلیم کیا کہ لوگ دونوں فلموں میں ان کا موازنہ کر رہے ہیں لیکن انہیں اس کی پروا نہیں کیونکہ فی الحال وہ اپنے کیریئرکے ‘موجودہ بہترین دور’ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں
۔ہندوستان میں ایک سینئر سیاست دان کے داماد راہل بھٹ نے بتایا کہ فلم ‘اگلی’ کی ریلیز کے بعد چیزوں میں زبردست مثبت تبدیلی آئی اور ان کا مایوس کن ماضی دھندلا رہا ہے۔راہل کے مطابق ‘مجھے نا صرف نقادوں نے سراہا بلکہ کئی اچھے اسکرپٹ بھی ملے’۔’میں نے اچھا کام نہ ملنے پر آٹھ سال پہلے اداکاری چھوڑ دی تھی۔ میں بہت مایوس تھا لیکن اتنا طویل عرصہ انتظار کا مجھے بہت اچھا پھل ملا’۔