نئی دہلی، 26 فروری (یو این آئی)ریلوے کے وزیرسریش پربھو نے آج لوک سبھا میں 16۔2015 کا ریل بجٹ پیش کیاجس میں مسافر کرایہ نہیں بڑھایا گیا۔ مسٹر پربھو نے فنڈ کی کمی سے دو چار دنیا میں ریلوے کے چوتھے سب سے بڑے نیٹورک میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف ذرائع سے فنڈ حاصل کریں گے ۔اس سلسلے میں انھوں نے پرائیویٹ سیکٹر کے اہم رول کی طرف اشارہ کیا۔ریلوے کے وزیرنے ریلوے کی جدیدکاری اور مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ایک پانچ سالہ عملی منصوبے کا بھی اعلان کیا جو وزیراعظم نریندر مودی کے فلیگ شپ پروگراموں میک ان انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا اور سوچھ بھارت کی عکاسی کرے گا۔ ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے آج اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ ریلوے کو نئی قوت بخشیں گے ،سرمایہ کاری بڑھائیں گے اور ملک کی بڑی افرادی قوت کا استعمال کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں یہ کام کرسکتا ہوں۔مسٹر پربھو نے کہا کہ ان کی ترجیح ہوگی کہ وہ گنجائش میں اضافہ کریں،ریلوے لائن کو بہتر بنائیں اور مسافروں کو حاصل ہونے والی سہولیات کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا معیشت پر مسلسل اثر پڑے گا۔نئی حکومت کا پچھلا ریلوے بجٹ گذشتہ سال جولائی میں پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ پانچ برسوں میں ریلوے کے سیکٹر کی کایہ پلٹ دیں گے ۔ ریلوے کے وزیر نے یہ بھی وعدہ کیاکہ وہ اپنے محکمہ کے کام کاج میں شفافیت کے اعلی معیار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے ۔