ڈونیڈن۔افغانستان کے سمیع اللہ شینواری نے انتہائی بھری اننگ کھیلتے ہوئے ورلڈ کپ کے گروپ اے کے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ کی شکست میں آج اہم کردار ادا کیا۔اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 50 اووروں میں 210 رنز بنائے تھے یعنی افغانستان کو میچ جیتنے کے لئے 211 رن بنانے تھے ۔ ٹیم نے یہ ذمہ داری 9 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پوری کردی۔ سلامی بلے باز جاوید احمدی اور نوروز مینگل نے افغانستان کی جانب سے جوابی اننگ کا آغاز کیا جو لڑکھڑاتا ہوا آگے بڑھا۔ اٖفغانستان نے 42 رن پر جہاں پہلی وکٹ گنوا دی تھی وہیں دیکھتے ہی دیکھتے 9
7 رنوں کے مجموعی اسکور پر آٹھ افغان بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے ۔اس طرح میچ پر اسکاٹ لینڈ کی گرفت مضبوط ہوتی نظر آنے لگی تھی۔حالات کے اسی موڑ پر سمیع اللہ نے اپنے پیدل سفر کو تیز کیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رن بنا کر مجموعی اسکور کو 192 رنزتک اورٹیم کو فتح کے امکانات کے قریب پہنچا دیا۔اس دوران 51 رن بنانے والے سیٹ بلے باز جاوید احمدی سمیت نوروز مینگل 7 رن، اصغر 4 رن ، کپتان محمد نبی 7، افسر زازئی صفر رن، نجیب اللہ زدران 4رن جبکہ گُل بدین نائب بھی صفر رن بنا کر آوٹ ہوئے ۔ ہدف کو پورا کرنے کی اُمیدکو بہر حال سمیع اللہ شینواری نے برقرار رکھا تھا لیکن عین اسی مرحلے میں جوش ڈیوی نے سمیع اللہ کی وکٹ حاصل کر کے افغانستان کی اُمید کی کرن کمزور کر دی ۔اس وقت 19 گیندوں پر 19 ہی رن کی ضرورت تھی۔ دولت زدران نے اس موقع پر کمان سنبھالی لیکن اس سے پہلے کہ ان کے قدم جمتے 9 رن کے ذاتی اسکور پر آوٹ کر دیئے گئے ۔
شاہ پور زدران اور حامد حسان نے بہر حال ٹیم کی سانسوں کو زندہ رکھا اور جب 4 گیندوں پر 4 رن درکار تھے ،شاہ پور زدران نے چوکا لگا کر سنسنی خیز میچ کو اٖفغانستان کے حق میں فیصل کر دیا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بیرنگٹن 4 وکٹوں کے ساتھ بہترن بالر ثابت ہوئے ۔ جبکہ ایونز ، جوش ڈیوی 2،2 اور آئن وارڈلا نے 1 وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں اسکاٹ لینڈ کا آغاز ہی اچھا نہیں تھا دوسرے ہی اوور میں 7 رنز پر پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوا جب میکلوئڈ صفر پر آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد گارڈنئیر 5 رن بنا کر پولین لوٹے جبکہ کوئٹرز نے 25 رن بنائے یوں 38 رن پر 3 کھلاڑی پولین جا چکے تھے ۔میکن اور ممیسن میں 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور 93 کے مجموعی اسکور پر میکن 31 رن بنا کر گل محمد نبی کا شکار ہوئے ۔اگلے ہی اوور میں گل بدین نے 23 رن بنانے والے ممیسن کو آؤٹ کیا۔کروس 15 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ان کو شاہ پور زردان نے افسر زازئی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔134 کے اسکور پر اسکاڑ لینڈ کی ساتویں وکٹ گری جب داوے ایک رن بنا کر شاہ پور کی گیند پر گلبدین نائب کے ہاتھ کیچ ہوئے ۔
اسکاٹ لینڈ کا آٹھواں کھلاڑی 37 ویں اوور میں 144 پر آؤٹ ہوا، برینگٹن کو دولت زردان نے پولین کی راہ دکھائی، انہوں نے 66 گیندوں پر 25 رن بنائے ۔اس کے بعد 9ویں وکٹ کی شراکت میں ماجد حق اور ایون نے 62 رن کی ساجھیداری کی جس میں ماجد نے 31 رن بنائے ۔ 50ویں اوور میں وہ 206 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد آخر وکٹ 210 کے اسکوپر 50 ویں اوور کی آخری گیند پر گری جب ایون 28رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔افغانستان کے شاہ پور زردان نے 4 اور دولت زردارن نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ حامد حسن ، گلبدین نائب اور محمد نبی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔