لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اٹونجہ واقع مہنگواں تالاب میں ایک نوجوان کی لاش جمعہ کو تیرتی ملی۔ مقامی لوگوں نے اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو تالاب سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اٹونجہ کے اندارا گاؤں کے رہنے والے راج بہادر کے بیٹے تیس سالہ کلدیپ راوت کی دماغی حالت ٹھیک نہ ہونے کے سبب اکثر وہ گھر سے چلا جاتا تھا۔ کبھی کبھی تو وہ دو دن تک گھر واپس نہیں آتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ
اٹھارہ فروری کو وہ بغیر بتائے کہیں چلا گیا تھا جس کے بعد اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی تو وہ بائیس فروری کو گاؤں میں ہی مل گیا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ کلدیپ گھر والوں سے نظر بچاکر ۲۲؍فروری کی رات میں چلا گیا تھا جس کے بعد وہ واپس نہیں لوٹا۔ کلدیپ مرگی کی بیماری سے بھی متاثر تھا۔ جمعہ کو مہنگوا کے تالاب میں نوجوان کی لاش تیرتی دیکھی گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو باہر نکالا جس کی شناخت کلدیپ کی شکل میں ہوئی۔