بالی وڈ کی مشہور اداکارہ سونم کپور بھی بھارت میں سوائن فلو وائرس کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ گئی ہیں اور انہیں ایک ائیر ایمبولینس کے ذریعے سے ممبئی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
انتیس سالہ سونم بھارتی شہر راجکوٹ میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لئے موجود تھیں کہ جب انہیں بخار، زکام اور کھانسی کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کا سوائن فلو کا ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ پوزیٹو آیا۔
اداکارہ کی والدہ سنیتا کپور گذشتہ روز انہیں راجکوٹ میں ملنے آئی تھیں اور ان کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے انہیں ائیر ایمبولینس میں سوار کر کے ممبئی
لے گئیں جہاں وہ اب ایک پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بھارت میں سوائن فلو کی شدید لہر پھیل رہی ہے اور اس کے نتیجے میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 20٫000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق اس وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1075 ہوگئی ہے۔