لکھنؤ۔ (بیورو)۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ حکومت سائیکل ٹریک کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بہتر صحت اور شفاف ماحول پیدا کرنے کیلئے سائیکل کا استعمال بیحد ضروری ہے۔ اسی کے مد نظر ریاستی حکومت سائیکل کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات کرر ہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ سے لکھنؤ میں تعمیر شدہ ۴ء۵۶کلو میٹر طویل سائیکل ٹریک عوام کے نام معنون کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹریک پر سائیکل بھی چلائی۔ سائیکل ٹریک کا ۲ء۲۴کلو میٹر کا حصہ وکرم آدتیہ مارگ پر، ۰ء۷۳ کلو میٹر کالی داس مارگ پر، ۰ء۸۸ کلو میٹر لوہیا پتھ سے لامارٹینئر اسکول تک اور ۰ء۷۱ کلو میٹر وکرم آدتیہ مارگ سے لامارٹینئر اسکول تک بنایا گیا ہے۔ س
ائیکل ٹریک پر فی کلو میٹر چالیس لاکھ روپئے کی لاگت آئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ماحول میں سائیکل کے استعمال کی ضرورت ہر طرف محسوس کی جا رہی ہے۔ جامع ترقیات پر کام کرنے والے ماہرین بھی ترقیاتی اسکیموں میں سائیکل ٹریک کے منصوبہ کو شامل کئے جانے کی سفارش کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ سماج کے تمام طبقات امیر، غریب، کسان، مزدور، نوجوان ، طلباء اور طالبات سائیکل کا استعمال کرتے ہیں۔ ہزاروں افراد روزانہ سائیکل سے ہی لکھنؤ آتے ہیں۔ بہت سے لوگ محض صحت کی اسباب کی بناء پر سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں۔ سائیکل سے آلودگی کا خطرہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور بہتر سائیکل ٹریک دستیاب ہونے پر لوگ سائیکل چلانے کی جانب راغب ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام راستوں پر جگہ کی کمی کی وجہ سے سائیکل ٹریک بنانا ممکن نہیں ہے لیکن جہاں پر سڑکیں چوڑی ہیں وہاں پر اسے بنایاجانا چاہئے۔ اس موقع پر وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ سائیکل چلانے سے صرف صحت ہی بہتر نہیں رہتی بلکہ ماحولیات کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔اس میں ڈیزل یا پٹرول کا استعمال نہ ہونے کے سبب بچت بھی ہوتی ہے۔ اس پر مہنگائی کا بھی کوئی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ سائیکل ٹریک لکھنؤ کے لوگوں کیلئے بیحد فائدہ مند ثابت ہوگا۔اس موقع پر سیاسی پنشن وزیر راجندر چودھری ، کاروباری تعلیم اور ہنر مندی فروغ کے وزیر مملکت ابھیشیک مشرا ، پرنسپل سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل، پرنسپل سکریٹری پی ڈبلیو ڈی کے ایس اٹوریا بھی موجود تھے۔