نئی دہلی، 2 مارچ (یو این آئی) مرکزی سڑک اور نقل و حمل کے وزیر نتن گڈکری نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ شاہراہوں کے لئے تحویل میں لی گئی زمین کیلئے کسانوں کو بازار کی قیمت سے چار گنا زیادہ معاوضہ دیا جا رہا ہے ۔مسٹر گڈکری نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا نظام وضع کیا گیا ہے جس سے کسانوں کو نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ زمین تحویل میں لئے جانے کے بعد بھی کسانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے انہیں معاوضہ لینے کے متبادل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس کے مطابق کسان 50 فیصد، 75 فیصد یا 25 فیصد معاوضہ لے سکتے ہیں۔ باقی کی رقم پر انہیں رائلٹی دی جائے گی۔ یہ رائلٹی روڈ ٹیکس کے طور پر وصول کی گئی رقم میں سے ایک مقررہ میعاد کیلئے ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تحویل اراضی قانون کی وجہ س
ے بہت سارے پروجیکٹ رکے ہوئے ہیں اور کچھ رد کرنے پڑے ہیں۔ کچھ کمپنیوں نے منظوریاں نہ ملنے کے سبب کانٹریکٹ ختم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کے 40 کانٹریکٹ رد کردیئے گئے ہیں اور 26 کا کوئی حل نہیں نکل رہا ہے ۔ انہیں کابینہ کی میٹنگ میں پیش کیا جائے گا ۔