نئی دہلی، 2 مارچ (یو این آئی) حکومت نے آج کہا ہے کہ مرکزکے پاس خاطر خواہ بجلی دستیاب ہے اور اترپردیش کی بجلی فراہم کرانے کی کوئی درخواست زیر التوا نہیں ہے ۔بجلی محکمے کے وزیر پیوش گوئل نے راجیہ سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں بتایا کہ بجلی فراہم کرانے سے متعلق اترپردیش کی کوئی درخواست زیر التوا نہیں ہے ۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ برس جون میں اضافی بجلی فراہم کرانے کی درخواست کی تھی جسے 24 گھنٹے کے اندر پورا کردیا گیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اترپردیش میں بجلی کی صورتحال سے واقف ہے اور مستقبل کے بجلی پروجیکٹوں سے ریاست کو 783 میگاواٹ بجلی ملنے کا امکان ہے ۔مسٹر گوئل نے اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ساتھ میٹنگ کا ذکر کرتے ہ
وئے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے تمام پروجیکٹوں سے متفق ہے اور ان کا خاکہ ملنے پر انہیں منظوری دی جائے گی۔انہوں نے ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ بجلی کی تقسیم گاڈگل فارمولے کے تحت کی جاتی ہے مگر اس میں معمولی تبدیلی بھی کی گئی ہے ۔ بجلی کی پیداواری کا 50 فی صد حصہ متعلقہ ریاستوں کو دیا جاتا ہے ۔ بقیہ بجلی کی تقسیم ریاستوں اور مرکز کے درمیان 75 اور 25 فیصد کے تناسب سے ہوتی ہے ۔ بجلی کے لئے قائم مرکزی پول کی درخواست پر ریاستوں کو بجلی فراہم کرائی جاتی ہے ۔