’اظہار کی آزادی ہے لیکن آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کب، کہاں اور کتنا بولنا ہے‘۔متنازع کامیڈی شو ’اے آئی بی روسٹ‘ پر ناراضگی کا اظہار کرنے والے بالی وڈ اداکاروں میں اجے دیوگن بھی شامل ہو گئے ہیں۔کامیڈی شو کے بارے میں اجے کا کہنا تھا ’میں اس طرح کا مذاق پسند نہیں کرتا۔‘اجے سے جب پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے شو دیکھا ہے تو ان کا کہنا تھا ’نہیں میں نے اس کے بارے میں کافی سنا اور پڑھا ہے، اس کے بعد اسے نہ دیکھنے کا فیصلہ کیا۔‘بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کا مزید کہنا تھا ’اظہار کی آزادی ہے لیکن آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کب، کہاں اور کتنا بولنا ہے۔‘متنازع شو دسمبر میں ممبئی کے ایک سٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا جس میں چار ہزار سے زیادہ ناظرین شریک تھے۔اس شو کی ویڈیو جنوری کے اواخر میں یو ٹیوب پر بھی شائع کی گئی جسے چند ہی گھنٹے میں ۸۰لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔’روسٹ شو‘ دسمبر میں ممبئی کے ایک سٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔تاہم بعدازاں عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد اس’روسٹ شو‘ کی ویڈیو کو یو ٹیوب سے ہٹا دیا گیا تھا۔اس پروگرام کے دوران رنویر سنگھ او
ر ارجن کپور، میزبان کرن جوہر اور پینل میں شامل دیگر افراد نے ایک دوسرے کے بارے میں ’فحش‘ مذاق اور باتیں کی تھیں۔خیال رہے کہ اس متنازع کامیڈی شو میں شرکت کرنے والے بالی وڈ کے متعدد فنکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔بھارت کے شہر پونے میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں اداکار ارجن کپور اور رنویر سنگھ، اداکارہ دیپیکا پاڈوکون اور سوناکشی سنہا کے علاوہ فلمساز اور ہدایتکار کرن جوہر اور ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یو ٹیوب کے نام شامل تھے۔مقدمے میں نامزد دیپکا پاڈوکون اور سوناکشی سنہا کے علاوہ عالیہ بھٹ اور سنجے کپور سمیت بالی وڈ سے وابستہ متعدد اہم شخصیات بھی اس تقریب میں موجود تھیں۔