بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اب فلمساز بن گئی ہیں اور ان کی پہلی فلم ’این ایچ 10‘ چھ مارچ کو ریلیز ہو گی۔فلم ’این ایچ 10‘ کی کہانی دہلی، گڑگاؤں اور ہریانہ کے ارد گرد ہائی وے پر رونما ہونے والے ’سچے واقعات‘ پر مبنی ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انوشکا شرما نے بتایا ’یہ فلم ذہنی اور جسمانی طور پر بڑی چیلنجنگ تھی۔ میں نے اسی حساب سے تیاری شروع کی۔ روز مجھے 11-11 گھنٹے دوڑنا پڑتا تھا۔‘انوشکا کے مطابق اس فلم میں کئی ایسے واقعات شامل ہیں جو حقیقت میں پیش آئے تھے۔انوشکا کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے نے باکس آفس پر زبردست بزنس کیاانوشکا نے مزید کہا ’ہدایتکار نودیپ سنگھ نے برسوں تک اس فلم کی تھیم سے وابستہ ہر واقعے پر تحقیق کی اور تب جاکر ’این ایچ ‘10 کی سکرپٹ تیار ہوئی۔ یہ فلم کسی ایک واقعے پر مبنی نہیں ہے لیکن فلم میں کئی سچے واقعات کا ذکر ہے۔‘اس فلم کو بھارتی سینسر بورڈ نے ’اے‘ سرٹیفکیٹ دیا ہے اور ’اے‘ درجہ بندی بولڈ فلموں کو دی جاتی ہے جس کا مطلب ہے ’بالغوں کے لیے۔‘اس درجہ بندی پر انوشکا نے کہا ’جب ہم نے فلم بنائی تو ہمیں یہ احساس ہونے لگا تھا کہ اسے اے سرٹیفکیٹ ملے گا اور ایسا ہونے پر اچھا نہیں محسوس ہوا۔انھوں نے مزید بتایا ’ہم نے ایک ہی تھیم پر یہ فلم بنائی ہے اور ہم چاہتے تھے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچے لیکن ہر فلم سب کے لیے نہیں بنتی۔‘فلم ’پی کے‘ کی زبردست کامیابی کے باوجود انوشکا بہت کم فلمیں کر رہی ہیں۔ جب اس بارے میں ان سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا ’بطور اداکارہ میں نے ہمیشہ ہی کچھ نئے طرح کے کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میں نے اتنی کم فلمیں کی ہیں۔‘انھوں نے کہا ’اداکار کے طور پر اس طرح کی فلمیں مجھے بہت تحریک دیتی ہیں اور اس فلم میں کرنے کے لیے کافی کچھ تھا۔ چاہے پی کے ہو یا این ایچ 10، ان میں مختلف نظر آتی ہوں۔ بامبے ویلویٹ بھی ہے جس بھی میں بہت کچھ کر پا رہی ہوں۔‘