سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے ایوان صدر کی ملازمہ مونیکا لیونسکی کے ساتھ معاشقے کو اب کئی برس بیت چکے ہیں مگر معاشقے کے ’’آفٹر شاکس‘‘ اب بھی گاہے بگائے محسوس ہوتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں نامور امریکی پورٹریٹ آرٹسٹ نیلسن شانکس نے اخبار ’’فلاڈلفیا ڈیلی نیوز‘‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس نے سنہ 2006 ء میں نیشنل پورٹریٹ گیلری کے لیے سابق صدر بل کلنٹن کا ایک قدم آدم پورٹریٹ بھی تیار کیا تھا۔ اس پورٹریٹ میں ایک سایہ بھی پینٹ کیا گیا تھا جو ان کی مبینہ معشوقہ مونیکا لیونسکی کے اس گہرے نیلے سوٹ کی عکاسی کرتا تھا جسے بعد ازاں بل کلنٹن کےخلاف بہ طور ثبوت عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
اپنے انٹرویو میں مسٹر نیلسن نے کسی ڈر خوف کے بغیر کہا کہ ’’کوئی شک نہیں کہ بل کلنٹن اور ان کی انتظامیہ نے بہت سے اچھے کام بھی کیے ہوں گے مگر میرے خیال میں ذاتی طور پرمسٹر کلنٹن تاریخ کے سب سے جھوٹے انسان ہیں۔ میں مونیکا کے ساتھ ان کے جنسی اسکینڈل کو کبھی بھلا نہیں پائوں گا۔ میں نے ان کا جو پورٹریٹ تیار کیا اس میں بھی مونیکا کا دھندلا سا سایہ شامل کیا تھا۔”
ایک سوال کے جواب میں مسٹر نیلسن کا کہنا
تھا کہ مونیکا کے جس نیلے سوٹ کا سایہ میں نے پورٹریٹ میں شامل کیا وہ اس وقت موجود تھا جب میں نے پورٹریٹ بنایا لیکن سنہ 1993ء سے 2001ء کے دوران وہ نیلا لباس موجود نہیں تھا جب بل کلنٹن ملک کے صدر تھے۔
واضح رہے کہ نیلسن شانکس کا فلاڈلفیا میں اپنا ایک اسٹوڈیو ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر مشاہیر کے پورٹریٹ تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے مارگریٹ تھیچر سےلے کر لیڈی ڈیانا اور صدر کلنٹن تک کے پورٹریٹ تیار کیے ہیں۔
نیشنل پورٹریٹ گیلری کی ترجمان نے عالمی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا صدر کلنٹن کا پورٹریٹ تو پچھلے دو سال سے گیلری کے ایک اسٹور میں موجود ہے لیکن اس میں لیونکسی کے سائے کی بات ایک راز ہے جس کا پتا ہمیں اب چلا ہے۔
گیلری کی خاتون ترجمان بیتھانی بینٹلی نے بتایا کہ پہلی بار صدر کلنٹن کے پورٹریٹ کو سنہ 2006ء میں آویزاں کیا گیا تھا۔ اس وقت صدر کلنٹن اور ان کی اہلیہ ہیلری کلنٹن نے بھی اسے دیکھا گیا۔ نیلسن کا کہنا ہے کہ جب صدر کلنٹن نے میرا تیار کردہ پورٹریٹ دیکھا تو سخت ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طورپر وہاں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔