لکھنؤ، 5 مارچ (یو این آئی) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی اس ماہ اترپردیش میں دو ریلیاں نکالیں گے ۔مجلس نے اعلان کیا ہے کہ پہلی ریلی 15 مارچ کو الہ آباد میں اور دوسری 29 مارچ کو آگرہ میں نکالی جائے گی۔ پارٹی نے ریاست میں 20 فیصد مسلمانوں کی آبادی کے مدنظر پارٹی کی ریاستی یونٹ کا قیام پہلے ہی کردیا ہے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجلس کی سب سے زیادہ توجہ ملائم سنگھ یادو کی سماج وادی پارٹی کے اقلیتی فرقہ کے ووٹروں پر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رکنیت سازی کی مہم زوروں پر چل رہی ہے ۔ ریاست کے 35 اضلاع میں پارٹی نے ضلعی سطح پر ٹیمیں بنادی ہیں اور دیگر اضلاع میں بھی جون کے اواخر تک عہدیدار مقرر کردیئے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلیوں میں مجلس اتحاد المسلمین کی پالیسیوں سے ریاست کے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔