لکھنؤ(نامہ نگار)ہولی کے پیش نظر راجدھانی پولیس نے بدھ کو پورے شہر میں روٹ مارچ نکالا۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ہولی کے دن جمعہ پڑ رہا ہے جس کے سبب کافی چوکسی برتنی پڑے گی۔ خاص کر پولیس کی نظر قدیم لکھنؤ کی طرف زیادہ رہے گی۔ ایس ایس پی یشسوی یادو نے روٹ مارچ کے دوران کہا کہ کوئی بھی قانون کے ساتھ کھلواڑ کرتا پایا گیا تو پولیس اسے ہ
ولی کے دن بھی جیل بھیجنے سے گریز نہیں کرے گی۔ جبکہ جبراً رنگ لگانے والوں پر بھی پولیس کے افسران نظر رکھیںگے۔ اس کے علاوہ ہولیکا دہن میں تحفظ اور امن کیلئے مقامی لوگوں اور خصوصی افسران کو ذمہ داری سونپ کر ان سے تال میل قائم کیاجائے گا۔ وہیں رنگ والی ہولی کے دن نماز جمعہ کے پیش نظر پولیس کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کیلئے پولیس خصوصی چوکسی برت رہی ہے۔
سرویلانس کی کار کو دیکھنے کیلئے لوگوں کا امنڈا ہجوم
ماڈرن پولیس کنٹرول روم کی جدید سہولیات سے آراستہ سرویلانس کا رکو لوگ دیکھ کر کافی پُرجوش نظر آئے اس دوران ایم سی آر انچارج درگیش کمار درجنوں گاڑیوں کے ساتھ خود بھی موجود تھے۔ روٹ مارچ میں ایس پی مشرق روہت مشر، سی او اور انسپکٹر حضرت گنج، ڈاگ اسکوائڈ، بم کو ناکارہ بنانے والا دستہ بھی موجود تھا۔
سڑک پر لگا رہا طویل جام
روٹ مارچ حضرت گنج میں راہگیروں کیلئے مصیبت بنا رہا پولیس کی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی ہونے سے طویل جام لگ گیا۔ جس سے تقریباً ایک گھنٹہ تک ٹریفک نظام متاثر رہا۔ حالانکہ اس دوران پولیس کو جام سے راحت دلانے میں کافی مشقت کرنا پڑی۔
گوشے گوشے پر رہے گی پولیس کی نظر
ایس ایس پی نے بتایا کہ ہولی کے دن پورے شہر کے نظم ونسق کو برقرار رکھنے کیلئے گوشے گوشے پر سلامتی اہلکارتعینات رہیںگے جس سے رنگوں کے اس تہوار کو پُر امن طور پر نمٹایاجاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہولی کے پیش نظر پولیس افسران اور جوانوں کی تعطیلات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی حالت میں ہی کسی پولیس اہلکار کو چھٹی دی گئی ہے۔
پورے شہر میں چلے گا آپریشن آل اور فلیش آؤٹ
ایس ایس پی نے بتایا کہ شہر میں سڑکوں اور بھیڑ والے علاقوں دونوں جگہ پر پولیس کی چوکسی بڑھانے کیلئے پورے شہر میں ہولی کے پورے دن آل آؤٹ اور فلیش آؤٹ مہم چلائی جائے گی جبکہ ہولی کے ایک دن قبل شام کو بھی آپریشن آل آؤٹ چلایا جائے گا۔