لکھنؤ۔ (بیورو)۔ اسپیشل ٹاسک فورس نے آج ہندوستانی کرنسی کی بین الاقوامی سطح پر اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے ایک رکن کو آج چارباغ ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا ہے اس کے قبضہ سے بارہ ہزار روپئے کے جعلی نوٹ کے ساتھ نیپالی نوٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار علی احمد عرف ڈاکٹر سمیر عرف وسیم خاں عرف ایس کے علی بہار کے بیتیا کا رہنے والا ہے لیکن کافی عرصہ سے وہ نیپال میں رہائش پذیرتھا۔ ایس ایس پی ایس ٹی ایف امت پاٹھک نے بتایا کہ اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ ہند نیپال کے سرحدی علاقوں میں ہندوستانی جعلی کرنسی کی اسمگلنگ ہو رہی ہے۔وہاں سے جعلی کرنسی کو یہاں کے کئی علاقوں میں بھیجا جا رہا ہے۔ اسی دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ پولیس حراست سے فرار علی احمد اس غیر قانونی کاروبار کے نیٹ ورک کو چلا رہا ہے۔ وہ ہندوستانی جعلی کرنسی کے کچھ سیمپل نوٹ لیکر چارباغ کے نزدیک آنے والا ہے۔ اس اطلاع پر
آج اسے گرفتار کیا گیا۔ پوچھ گچھ میں اس نے بتایا کہ گزشتہ دس برسوں سے ہندوستانی جعلی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ نیپال کے کٹھمنڈو اور ویر گنج کے بڑے تاجروں سے ہندوستانی جعلی کرنسی حاصل کر کے اسے یہاں سپلائی کرتا ہے۔