بنگلور۔برطانیہ کے مشہور مصنف اور سابق ممبر پارلیمنٹ جیفری آرچر نے کہا کہ موجودہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ان کیلئے پہیلی کی طرح ہے۔ انہوں نے مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی ٹیم کا مقابلہ بالی ووڈ سپراسٹارس سے کیا جو ان کے مطابق ہمیشہ ہٹ فلم نہیں دے پاتے
ہیں۔آرچر نے اپنی کتاب ’مائٹی دین دی سورڈ ‘ کے رسم اجرا کے موقع پر کہا کہ ایمانداری سے کہوں تو موجودہ کرکٹ ٹیم میرے لئے پہیلی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں جتنے بھی بلے باز دیکھے ان میں وراٹ کوہلی بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہے لیکن مجھے لگتا ہے ان کی ٹیم بالی ووڈ سپراسٹارس کی طرح ہیں۔ : جو مسلسل ہٹ فلم نہیں دے پاتے ہیں۔انہوں نے کہامیرے کہنے کا مطلب ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں انہوں نے بکواس کرکٹ کھیلی۔ اب ورلڈ کپ میں وہ صحیح کھیل رہے ہیں۔آرچر نے یہ تبصرہ ہندوستان کے آسٹریلوی دورے کے تناظر میں کیا جس میں وہ ایک بھی میچ نہیں جیت پایا لیکن اس کے بعد ورلڈ کپ میں اس نے پاکستان اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کو بڑے فرق سے شکست دی۔