ہملٹن۔عالمی کپ میں اب تک کی اپنے شاندار کارکردگی سے پول بی میں سب سے اوپر پر قابض ہندوستان کا اگلا مقابلہ منگل کو ہیملٹن کے سیڈون پارک میدان پر آئرلینڈ سے ہوگا جہاں ہندوستان اپنی جیت کی لے برقرار رکھنا چاہے گا۔اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سب سے بڑا ردوبدل کرنے والی ٹیم آئرلینڈ بھی اس بار مضبوط پوزیشن میں نظر آ رہی ہے۔ آئرلینڈ نے اپنے گزشتہ اور چوتھے میچ میں زمبابوے کو پٹخنی دی تھی
۔ وہیں ہندوستان نے پرتھ کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز پر چار وکٹ سے شاندار جیت درج کی تھی۔ اگر آئرلینڈ یہ میچ جیت گیاتو کوارٹرفائنل میں جانے کی اس کی راہ آسان ہو جائے گی۔گزشتہ پانچ ون ڈے مقابلوں میں سے چار جیتنے والی ہندوستانی ٹیم پوری فارم میں چل رہی ہے اور اس نے اس عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ورلڈ کپ میں ابھی تک کے اپنے تمام چاروں میچ جیتی ہے۔ وہیں دوسری طرف آئرلینڈ نے بھی گزشتہ چار میں سے تین میچوں میں جیت درج کر اپنی کارکردگی سے سب کو چونکایا ہے۔ کینبرا میں کھیلے گئے اس کے تیسرے میچ میں آئرلینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست جھیلنی پڑی تھی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت درج کرنے کے بعد آئرلینڈ کے بلے باز نیل او برائن نے صاف کر دیا تھا کہ ان کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں بے خوف ہوکر کھیل رہی ہے اور پورے اعتماد سے لبریز ہے۔ اس کے علاوہ اپنے گزشتہ میچ میں زمبابوے کو ہرا کر آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے کھلے طور پر یہ صاف کر دیا تھا کہ ان کی ٹیم ہر میچ میں دو پوائنٹس حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ہندوستان کے بعد اس کا مقابلہ پاکستان سے ہونا ہے اور اگر اسے کوارٹرفائنل میں اپنا مقام پکا کرنا ہے تو اگلے دو میچوں میں سے ایک میں جیت ضرور درج کرنی ہوگی۔ہندوستان کو اس میچ میں جیت کیلئے اپنی کچھ خامیوں کو ضرور پورا کرنا ہو گا جس میں سب سے اہم اوپن شراکت ہے۔ ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے پاکستان کے خلاف 34، جنوبی افریقہ کے خلاف محض نو، ویسٹ انڈیز کے خلاف 11 اور متحدہ عرب امارات کے خلاف 29 رن بنائے ہیں۔ وہیں دوسری طرف آئرلینڈ کو اس کے بلے بازی سے کوئی خاص شکایت نہیں ہوگی لیکن تیز گیند بازی کو بہتر کرنا اہم رہے گا۔ ہندوستان نے آئرلینڈ کا سامنا اس سے پہلے دو بار عالمی کپ میں ہی کیا ہے جس میں دونوں میچوں میں ٹیم انڈیا نے ہی جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ سال 2007 کے ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے آئرلینڈ کو نو وکٹ اور سال 2011 میں بنگلور میں کھیلے گئے عالمی کپ میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ہیملٹن کے سیڈون پارک کرکٹ میدان دوسرے میدان کے مقابلے زیادہ بڑا نہیں ہے اور یہاں بائونڈری زیادہ دور نہیں ہیں جس سے امید ہے کہ یہاں بلے بازوں کو خاصا فائدہ ملنے کی امید ہے۔ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان اسی میدان پر ہے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ نے 317 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں زمبابوے 277 رنز ہی بنا سکی تھی۔میچ سے پہلے آئرلینڈ کے کپتان پورٹرفیلڈ نے کہا چار میں سے تین میچوں میں جیت درج کر ٹیم اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس کا فائدہ ہمیں ضرور ملے گا اور ہم ہندوستان کا جیت کا سلسلہ توڑنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے صاف کر دیا ہے کہ وہ آئرلینڈ کو جیتنے کا موقع نہیں دیں گے۔دھونی نے کہا کہ۔پچھلے میچ میں جو خامیاں رہی انہیں درست کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس میچ میں بھی ہم اپنی جیت کی لے برقرار رکھیں گے۔ یہ کرکٹ ہے اور دونوں ٹیموں کے لیے نیا دن ہوگا تو دونوں ہی ٹیمیں اپنی کارکردگی میں کمال دکھانا چاہیں گی۔