حیدرآباد12مارچ(یو این آئی) کانگریس کی رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری نے کہا ہے کہ کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ کے معاملہ میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی حقیقت سامنے آجائے گی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی موجودہ حکومت اس معاملہ پر سیاست کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ نے اپنے دور میں شفاف طریقہ سے کام کیا ۔ جن قوانین کے لحاظ سے کوئلہ کی کانیں الاٹ کی گئیں ان ہی قوانین کے مطابق اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے بھی کوئلہ کی کانیں
الاٹ کی تھیں تو پھر ان کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی گئی ۔دوسری طرف قومی دارالحکومت نئی دہلی میں صدرکانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے طلب کردہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد تلگو کے ایک پرائیوٹ چینل سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور جے ڈی سیلم نے کہا ہے کہ کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ کے معاملہ میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی منموہن سنگھ کے ساتھ ہے ۔ موجودہ مرکزی حکومت پر ان پر غلط الزامات لگارہی ہے ۔ان رہنماوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قانونی لڑائی میں منموہن سنگھ بے گناہ ثابت ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی منموہن سنگھ کے ساتھ یگانگت کا اظہار کرتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی شفاف طریقہ سے سماعت ہونی چاہئے ۔