نئی دہلی،12مارچ (یو این آئی) کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھیجے گئے سمن کی مخالفت میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے کارکنوں اور پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا ممبران آج پارٹی صدر دفتر پر جمع ہوئے ۔ اس کے بعد پارٹی کی صدر سونیا گاند
ھی کی قیادت میں ان لوگوں نے کانگریس دفتر سے ڈاکٹر سنگھ کے گھر تک مارچ کیا۔ذرائع کے مطابق اس مارچ سے قبل 24اکبر روڈ پر واقع پارٹی دفتر پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں سبھی بڑے لیڈر شامل ہوئے تھے ۔ اس میٹنگ کے بعد سبھی لوگ محترمہ گاندھی کی قیادت میں ڈاکٹر سنگھ کے گھر روانہ ہوئے ۔ڈاکٹر سنگھ کے گھر پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کی صدر نے کہا کہ ہم ڈاکٹر سنگھ کو کل بھیجے گئے سمن کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہم ہر محاذ پر ان کے ساتھ لڑیں گے ۔ ہم اس معاملے میں قانونی لڑائی لڑیں گے ۔ انھوں نے سی بی آئی کورٹ کے ذریعہ سمن جاری کیے جانے کے معاملے پر مزید کہا کہ منموہن سنگھ دیانت داری اور پاکدامنی کی مثال ہیں اور کانگریس مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے ۔
محترمہ گاندھی نے پاٹری لیڈروں اور کارکنوں کے مارچ کی قیادت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ڈاکٹر سنگھ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں دیانت داری اور پاکدامنی کے لیے جانے جاتے ہیں ۔ ہم یہاں ان کے سپورٹ کے لیے آئے ہیں۔دریں اثنا کانگریس لیڈر آنند شرما نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے فیصلوں میں شفافیت ، غیر جانبداری اور ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔ ان کے فیصلے صحیح تھے ۔ کانگریس مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم کسی بھی حالت میں جھکیں گے نہیں۔ ہمیں امید ہے کہ سچائی سامنے آئے گی۔قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کل ڈاکٹر سنگھ، صنعت کار کمار منگلم برلا اور سابق کوئلہ سکریٹری پی سی پارکھ کے خلاف کوئلہ بلاک الاٹمنٹ معاملے میں سمن جاری کیا تھا۔