لکھنؤ۔(نامہ نگار)بخشی کاتالاب کے درجن پور گاؤں میں دوشنبہ کو ملی لاش گورکھپور کی رہنے والی مدھو پانڈے کی تھی۔مدھو ڈیڑھ برس سے گومتی نگر علاقے میں مکیش یادونام کے ایک شخص کے ساتھ لوان ریلیشن میں رہ رہی تھی۔سی او بخشی کا تالاب راکیش یادو نے بتایا کہ درجن پور گاؤں میں دوشنبہ کی صبح برآمد خاتون کے لاش کے پاس سے دوسامان اور موبائل فون ملا۔
اس کی مدد سے پولیس نے خاتون کی شناخت گورکھپور کی رہنے والی مدھوپانڈے کی شکل میں کی۔تفتیش کے دوران پولیس کو اس بات کا پتا چلا کہ مدھو کی شادی گونڈہ کے رہنے والے دنیش سے ۱۷؍جنوری ۲۰۱۰میںہوئی تھی۔آپسی تنازعہ کے سبب دونوں الگ ہوگئے تھے۔اس کے بعد مدھو کا گومتی نگر کے گواری گاؤں کے رہنے والے مکیش سے رابطہ ہوگیا ۔مدھو ڈیڑھ برس سے مکیش کے ساتھ لو ان ریلیشن میں رہنے لگی تھی۔تفتیش میں اس بات کا بھی پتہ چلا کہ مکیش اور مدھو کرایہ کے مکان میں جانکی پورم علاقے میں رہتے تھے۔
اس کے بعد کچھ عرصہ قبل دونوں کے درمیان تنازعہ ہوگیا۔اور دونوں الگ رہنے لگے۔شناخت ہو
نے کے بعد جب بخشی کا تالاب پولیس گواری گاوں مکیش کے گھر پہنچی تو مکیش غائب ملا۔پولیس نے مدھو کی لاش ملنے کی خبر اس کے کنبہ والوں کو بھی دے دی ہے۔منگل کی شام گورکھپور سے مدھو کے کنبہ کے لوگ بھی گئے۔
مدھو کے ساتھ کیا ہوا اور کیوں اس بات کا پتہ ابھی تک نہیں چل سکاہے۔بخشی کا تالاب پولیس کا کہنا ہے کہ مکیش کے ہاتھ آنے کے بعد ہی پوری بات کا پتہ چل سکے گا۔ تذکرہ یہ بھی سامنے آرہاہے کہ مدھو حاملہ تھی۔پولیس کا کہناہے کہ مدھو کی موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چلے گی۔پولیس مکیشن کی تلاش میں مصروف ہے ۔واضح ہوکہ بخشی کا تالاب کے درجن پور گاؤں میں دو شنبہ کے صبح مدھو کی لاش پڑی ملی تھی۔لاش کے پاس سے موبائل فون ، اس کی بیٹری ،ٹوٹا ہوا سم کارڈ،سلفاس کی گولیاں اور دیگر سامان بھی پایا گیا تھا۔