لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حسین آباد ہیریٹیج زون اب نو ہورڈنگ زون میں تبدیل ہو گیا ہے۔ اس علاقہ کی عوامی املاک پر اب کسی طرح کی ہورڈنگ اور تشہیری مواد نظر نہیں آئے گا۔اس سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے سٹی کمشنر کو خط لکھ کر دو ہفتہ کے اندر کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سٹی کمشنر کو ارسال کئے گئے اپنے مکتوب میں ضلع مجسٹریٹ نے حسین آباد ہیریٹیج زون میں چل رہے تزئین کاری کے کام کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسین آباد علاقہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ عمارتوں کی خوبصورتی دیکھنے کیلئے پوری دنیا سے
سیاح آتے ہیں۔ حسین آباد ہیریٹیج زون کی عوامی املاک سڑک، پلیا ، چہار دیواری، ریلنگ، ڈیوائڈر، بجلی اور ٹیلی فون کے پول وغیرہ پر مختلف افراد اور تنظیموں کی جانب سے ہورڈنگس لگا دیئے جاتے ہیں۔ یہ ہورڈنگس تاریخی عمارتوں کی اہمیت اور خوبصورتی کو کم کرنے کے ساتھ ہی سیاحوں پر بھی اثر ڈالتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان عمارتوں کی اہمیت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے اس علاقہ کو میونسپل کارپوریشن کے قوانین اور حکم کے تحت نو ہورڈنگس زون قرار دینا ضروری ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ حسین آباد ہیریٹیج زون میں سیاحت کو فروغ دینے اور ہیریٹیج زون کی کشش برقرار رکھنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے سٹی کمشنر کو اس سلسلہ میں جلد کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
حسین آباد ہیریٹیج زون میں آصفی امام باڑہ، چھوٹا امام باڑہ، ستکھنڈا، گھنٹہ گھر اور شاہی تالاب شامل ہیں۔ دنیا بھرمیں مشہور ان عمارتوں کے آس پاس کروڑوں روپئے خرچ کر کے سڑک چوڑی کرنے، زیر زمین بجلی کیبل ڈالنے، تالاب اور پارکوں کی تزئین کاری کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ حسین آباد اینڈ ایلائڈ ٹرسٹ بھی عمارتوں کی تزئین کاری اور مرمت کیلئے کام کر رہا ہے۔