میلبورن۔ ہندوستان کے چوٹی کے بلے بازوں کے موجودہ فارم سے فکر مند بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضی نے آج کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ورلڈ کپ کرکٹ کوارٹر فائنل میں کل پہلے بلے بازی کرنے پر کتنا اسکور ان کیلئے اچھا سمجھا جائے گا۔مرتضی نے کہامجھے نہیں معلوم کہ اچھاا سکور کیا ہوگا کیونکہ ہندوستان کے پاس دنیا کے بہترین بلے بازی آرڈر میں سے ایک ہے۔ میرے لئے قیاس لگانا مشکل ہے۔ ہندوستان ہدف کا تعاقب کرنے میں ماہر ہے۔انہوں نے کہاامید ہے کہ ہم اچھا کرکٹ کھیل کر 270 یا 280 رنز بنا سکیں گے۔انہوں نے ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو میچ ونر بتاتے ہوئے کہادھونی بہترین کھلاڑی ہے اور صحیح معنوں میں میچ ونر ہے۔ ون ڈے بلے باز کے طور پر اس نے گزشتہ پانچ چھ سال میں کافی اہم کردار ادا کیا ہے۔ وراٹ کوہلی بھی ٹیم میں ہے۔ مجموعی طور ہندوستانی بلے بازی دنیا میں بہترین ہے اور ہمارے لئے یہ بڑا چیلنج ہوگا۔انہوں نے تاہم کہا کہ ان کی ٹیم اس چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہے۔ایم سی جی پر زیادہ تر ناظرین ہندوستان کے حامی ہوں گے اور ہندوستان کو تین ماہ سے زیادہ وقت سے
یہاں رہنے کا فائدہ ملے گا لیکن مرتضی نے کہا کہ کرکٹ میدان پر کھیلا جاتا ہے، نظریاتی طور پر نہیں۔انہوں نے کہااگر ان پہلوؤں کو ذہن میں رکھا جائے تو ہندوستان ہم سے آگے ہے لیکن ان بیرونی عناصر کے بارے میں سوچ کر آپ میدان پر نہیں لڑتے۔ کرکٹ میں صرف بولنا نہیں بلکہ میدان پر کھیلنا ہوتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ہم سے آگے ہے لیکن ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا۔انہوں نے عالمی کپ 2007 میں ہندوستان پر ملی جیت کے بارے میں زیادہ نہیں کہا۔ انہوں نے کہاوہ کافی پرانی بات ہے، آٹھ سال ہو گئے ہیں۔ یہ اچھی یاد ہے لیکن ہم اتنا پیچھے کا نہیں سوچنا چاہتے۔ ہمیں موجودہ حالات پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور اچھا انجام ہے۔