اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ اگرچہ اپنے دل سے تو وہ ایک ٹام بوائے ہیں مگر انہیں ایک تصور کو برقرار بھی رکھنا ہے کیونکہ یہ ‘مجبوری ہے’۔ٹی وی پروگرام ٹونائٹ ایچ ایس وائی کی چوتھی قسط میں صنم سعید اور اداکار جنیدخان نے شرکت کی۔شو میں صنم سعید کا تعارف کراتے ہوئے میزبان ایچ ایس وائی نے کہا کہ ہم دونوں بچپن کے دوست ہیں اور صنم اس زمانے میں ایک ٹام بوائے کے طور پر زیادہ جانی جاتی تھیں۔ڈراموں میں اپنے سنجیدہ کرداروں کی بناء پر شہرت حاصل کرنے والی صنم سعید کا کہنا تھا کہ جلد وہ ایک فلم ‘بچانا’ میں نظر آئیں گی جس میں وہ ایک چلبلی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو کہ ان کے پرستاروں کے لیے ایک خوشگوار تبدیلی ہوگا۔ڈراموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے صنم سعید نے بتایا کہ آخر وہ کیوں ‘ گلیمرس’ کرداروں میں نظر نہیں آتیں کیونکہ وہ ڈراموں کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتی ہیں۔ان کا کہنا تھا ” میرے لیے
اصل کامیابی وہ تھی جب ایک ماں نے کہا کہ وہ مجھ سے متاثر ہوکر اپنی چودہ سالہ بیٹی کی شادی نہیں کررہی یا ایک لڑکی نے مجھے بتایا کہ اس نے میرے ڈراموں کو دیکھ کر اپنی تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس طرح کے تبصرے بہت زیادہ معنی رکھتے ہیں۔صنم سعید نے کہا کہ وہ اپنے شعبے میں کسی خاس فرد کے قریب نہیں مگر ہر ایک کے ساتھ کام کررہی ہیں۔گزشتہ برس شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر فرحان کو بچپن سے جانتی ہیں۔