نئی دہلی، 20 مارچ (یو این آئی) حکومت نے آج اس بات کا اعتراف کیا کہ ریلوے محکمہ میں اس کے کاروبار میں بدعنوانی ایک بڑے چیلنج کی شکل اختیار کرچکی ہے ، لیکن حکومت نے یہ بھی کہا کہ وہ ریلوے کے محکمہ سے کرپشن کو جڑ سے کاٹ کر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ یہ اطلاع آج راجیہ سبھا میں دی گئي ۔ مرکزی وزیر برائے ریلوے مسٹر سریش پربھو آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ وہ بدعنوانی کی لعنت کو
جڑ سے کاٹنے کے لئے نظام میں تبدیلی لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ایک مخصوص مدت کے اندر ریلوے محکمہ سے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔ مسٹر سریش پربھو نے یہ مشورہ بھی دیا کہ مسافروں کو اپنے موبائل فون کو کرپشن کے خلاف ایک طاقتور ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا چاہئے ۔ مسافروں کو اپنے موبائل فون کے ذریعہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کی تصویر اور ویڈیو کلپ بناکر ریلوے کی شکایات کی سائٹ پر لوڈ کردینا چاہئے جس کے بعد ہم اس پر سخت کارروائی کریں گے۔ انہوں نے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ دلالوں اور ریلوے کے عملہ کے ساتھ ان کی ملی بھگت سے بھی آگاہ ہیں، جو غیر قانونی طورپر ٹکٹ حاصل کرکے دوسرے مسافروں کو فروخت کرتے ہیں ، جس سے عام لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسے عناصر پر قابو کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔