نئی دہلی(ایجنسی) مائیکرو سافٹ نے اپنا اب تک کا سب سے سستا ونڈوز اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے جس کی قیمت صرف ۷۰ ڈالرز ( تقریبا ۴۴۰۰ ہندوستانی روپئے) رکھی گئی ہے۔جی ہاں مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز۱۰ کے ساتھ اب تک کا سب سے سستا اسمارٹ فون لومیا۴۳۰ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈوئل سم والے اس اسمارٹ فون کی اسکرین ۴؍انچ کی ہے جبکہ ڈبلیو وی جی اے ڈسپلے، ۱ء۲
گیگا ہرٹز ڈوئل کور اسنیپ ڈراگون ۲۰۰ سی پی یو، ۸ جی بی اپ گریڈ ایبل اسٹوریج اور۱۵۰۰ ؍ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ یہ مائیکروسافٹ کا سب سے سستا فون ہے۔تاہم فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اس کا رئیر کیمرہ محض ۲میگا پکسلز جبکہ فرنٹ کیمرہ ۰ء۳ میگاپکسلز کے ساتھ ہے جس سے سیلفی تو لی جاسکتی ہے مگر زیادہ اچھی تصاویر کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈوئل سم والے یہ اسمارٹ فون صرف ان خطوں میں متعارف کرایا جائے گا جہاں یہ فیچر لوگوں کو زیادہ پسند ہے یعنی مشرق وسطیٰ، ایشیاء پیسیفک، افریقہ اور روس وغیرہ۔سیاہ اور نارنجی رنگوں کے ساتھ یہ ماڈل اپریل میں کسی وقت صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔