سڈنی۔ آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز گلین میکسویل نے آج کہا کہ ہندوستانی ٹیم کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ان گرمیوں میں وہ ان کی ٹیم کے خلاف ایک بھی میچ نہیں جیت پائی اور میزبان ٹیم گزشتہ چمپئن ہندوستان کے خلاف جمعرات کو ہونے والے آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں بھی اس سلسلے کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ میکسویل سے جب یہ پوچھا گیا کہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستان کی فاتح مہم کو روکنا کتنا مشکل ہوگا
تو انہوں نے کہا مجھے لگتا ہے کہ ان گرمیوں میں ہم نے انہیں بہت اچھی طرح نشانہ بنایا۔ پورے موسم گرما میں وہ ہمارے خلاف ایک بھی میچ نہیں جیت پائے۔ امید کرتا ہوں کہ انہیں یہ اچھی طرح یاد ہے۔میکسویل نے حالانکہ مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہندوستانی ٹیم کی تعریف بھی کی۔اس بلے باز نے کہاہندوستانی ٹیم کافی اچھی ہے۔ اگر وہ اچھی ٹیم نہیں ہوتی تو سیمی فائنل میں نہیں پہنچتی۔ ہمیں اس ہفتے ان کے خلاف اپنا سب سے بہترین مظاہرہ کرنا ہوگا۔سڈنی ہوائی اڈے پر میڈیا سے یہ بات چیت کافی حد تک آئی پی ایل کی طرح تھی کیونکہ اس دوران آسٹریلیا کے صرف تین صحافی موجود تھے۔ میکسویل نے کہا کہ آئی پی ایل میں روی چندرن اشون یا روندر جڈیجہ کے خلاف کھیلنا زیادہ معنی نہیں رکھتا کیونکہ قومی ٹیم میں ان کے کردار مختلف ہیں۔میکسویل نے کہا آئی پی ایل ورلڈ کپ سے کافی مختلف ہے۔ یہاں مختلف دباؤ اور مختلف صورت حال ہے۔ میں آسٹریلیا کے لئے چھٹے نمبر پر کھیلتا ہوں اور میرے آگے پانچ اور بلے باز ہیں جنہیں پہلے بلے بازی کرنی ہے۔ امید کرتا ہوں کہ وہ حالات کا فائدہ اٹھائیں گے۔ میرا کام حکمت عملی کو آخر میں انجام تک پہنچانا ہے۔جب کسی نے پوچھا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ یہ برابری کا مقابلہ ہوگا تو میکسویل نے مذاقیہ لہجے میں کہا سٹے باز کیا کہہ رہے ہیں۔آسٹریلیا کے کئی سابق کھلاڑی ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا دشمنی کو بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی قرار دے رہے ہیں لیکن میکسویل کیلئے اب بھی ایشز عظیم ہے۔ٹیسٹ سیریز میں وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن میکسویل نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف حالیہ سیریز سے الگ کوئی خاص حکمت عملی نہیں ہوگی۔ میکسویل نے کل پاکستان کے خلاف کوارٹر فائنل میں ٹیم کی چھ وکٹ کی جیت کا کریڈٹ ٹیم کوشش کو دیا۔ انہوں نے آل راؤنڈر شین واٹسن کی بھی جم کر تعریف کی جنہوں نے منفی حالت میں پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی شاندار اسپیل کابخوبی سامنا کیا۔واٹسن پر ریاض کے ساتھ بحث کیلئے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا لیکن میکسویل نے کہا کہ یہ آل راؤنڈر اس سے پریشان نہیں ہے۔آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب کی جانب سے کھیلنے والے میکسویل نے امید ظاہر کی کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے وکٹ پر گھاس ہوگی جس سے تیزی اور اچھال ملے گی۔