ایڈیلیڈ۔ آسٹریلیائی بلے باز شین واٹسن نے تسلیم کیا کہ میں پاکستانی پیسر وہاب ریاض کے اسپیل میں خوش قسمت رہا، کوارٹر فائنل میں واٹسن اور وہاب کے درمیان گرما گرمی نے ماحول پرجوش بنائے رکھا۔ وہاب کی گیند پر 4 کے انفرادی اسکور پر واٹسن کا آسان کیچ بھی فائن لیگ پر راحت علی نے ڈراپ کیا، میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں شین واٹسن نے اعتراف کیا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ وہاب کے اسپیل میں آئوٹ ہونے سے بچا رہا، اس نے مجھے میدان بدر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، دوسری جانب وہاب ریاض نے کہا کہ راحت کا کیچ ڈراپ کیا جانا میچ کا اہم ترین لمحہ تھا، ہم ان کی وکٹ لے کر کینگروز پر مزید دبائو بڑھا سکتے تھے۔وہیں ورلڈکپ میں پیسر وہاب ریاض نے صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا اور وہ 16 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین پاکستانی بولر رہے۔ تفصیلات کے مطابق پیسر وہاب ریاض کافی عرصے سے قومی ٹیم میں ہیں مگر کارکردگی میں تسلسل کا فقدان دکھائی دیتا تھا، البتہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری ورلڈکپ میں وہ عمدہ بولنگ میں کامیاب رہے، انھوں نے 7 میچز میں 23 کی اوسط سے 16 کھلاڑیوں
کو آئوٹ کیا، آخری لمحات میں اسکواڈ کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر سہیل خان نے 30.33 کی ایوریج سے 12 وکٹیں لیں، اس میں ہندوستان کیخلاف 5 وکٹوں کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔ محمد عرفان نے انجری کا شکار ہونے سے قبل 8 اور راحت علی نے 7 پلیئرز کو پویلین بھیجا، لیگ اسپنر شاہد آفریدی بدترین ناکامی کا شکار ہوئے اور 7 میچز میں 141 کی بھاری اوسط سے 2 ہی وکٹیں لے سکے، 6 مقابلوں میں انھیں بغیر کسی شکار کے پویلین واپس جانا پڑا، حارث سہیل نے44.33 کی ایوریج سے3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ بیٹنگ میں مصباح الحق نے 50 کی عمدہ اوسط سے 350 رنز بنائے، اس میں 4 نصف سنچریاں شامل رہیں، احمد شہزاد 227 اور سرفراز احمد 160 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے، حارث سہیل 177، عمر اکمل 164، صہیب مقصود 153 اور آفریدی 116 رنز بنا سکے، یونس خان اور ناصر جمشید نے 3،3 میچز میں بالترتیب 43 اور 5 رنز ہی اسکور کئے۔