شارجہ۔ پاکستانی خواتین ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم نے3 ٹوئنٹی 20 میچزکے دوسرے مقابلے میں 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق آ ئی سی سی خواتین ون ڈے چیمپئن شپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کھانے والی پاکستانی خواتین ٹیم نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے ابتدائی دونوں ٹی 20 میچز جیت لیے۔ جمعے کو شارجہ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر
پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں6 وکٹ پر 83 رنز بنائے، مہمان بیٹسمین کسی موقع پر بھی حریف بولرز پر حاوی نہ ہو سکیں،وقفے وقفے سے وکٹیں گرتے رہنے کی وجہ سے رن ریٹ بھی کافی سلو رہا۔اسماویہ اقبال نے پہلے اوور میں تیشا چیتی کو ٹھکانے لگایا جبکہ دوسرے اوور میں برنڈین کو آ ؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا، بعدازاں انعم امین اور سمیعہ صدیقی نے بھی نپی تلی بولنگ سے حریف بیٹسویمنز پر دباؤ بڑھائے رکھا جس کی وجہ سے وہ کھل کر نہ کھیل سکیں، انعم نے 25 رنز کے بدلے 2 اور سمیعہ صدیقی نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔سونی لیوزنے اختتامی اوورز میں 23 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 83 تک پہنچایا۔ آ سان ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں بھی صرف 43 رنز پر گر چکی تھیں لیکن مشکل وقت میں بسمہٰ معروف اور اسماویہ اقبال نے پانچویں وکٹ کیلئے 41 رنز کی شراکت سے ٹیم کو 17.5 اوورز میں فتح سے ہمکنار کردیا، بسمہٰ 30 اوراسماویہ 21 رنز پر ناٹ آ ؤٹ رہیں۔ اسماویہ کو بہترین آ ل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بھی خواتین آ ف دی میچ قرار پائی تھیں، گرین شرٹس نے پہلا میچ 5 وکٹ سے جیتا تھا۔