اسلام آباد ۔ 3 دسمبر : پاکستان کے سابق مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ سے ڈراپ کرنا مصباح الحق کا غلط فیصلہ تھا، دونوں ٹیم میں شامل ہوتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری ون ڈے میچ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا، گرین شرٹس جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کرکے نئی تاریخ رقم کر سکتے تھے۔ عبدالقادر نے کہا کہ آفریدی اور حفیظ نے پوری سیریز میں جنوبی افریقن بلے بازوں کو مشکلات میں ڈالے رکھا، دونوں کو اہم میچ سے باہر کرنا سنگین غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے ڈومیسٹک سٹرکچر کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، اس لئے پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔