نئی دہلی،23 مارچ (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے دہلی میں امن اور خوشحالی کی دعا کی اپیل کے ساتھ سفر حج پر جانے والے دہلی کے عازمین کے لئے قرعہ انداز ی کی تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بٹن دبا کر دہلی حج کمیٹی کی ویب سائٹ کا بھی آغاز کیا۔مسٹر سسودیا نے قرعہ اندازی کی مختصر تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے انہیں سعادت حج حاصل کرنے والوں کے انتخاب کا جو موقع دیا ہے اس کے لئے وہ اللہ کے شکرگذار ہیں اور یہ ان کی زندگی کا انتہائی بابرکت اور حسین لمحہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سال سفر حج پر جانے کے دہلی کے کل 8875
افراد کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 263افراد 70 برس سے زائد عمر کے ہیں، 1133 افراد ایسے ہیں جو گزشتہ چار برسوں سے درخواستیں دے رہے ہیں جبکہ سعودی حکومت کی طرف سے محدود کوٹہ الاٹ کئے جانے کے سبب اس سال دہلی کو کل 1163 سیٹوں کا ہی کوٹہ ملا ہے ۔ ضابطے کے مطابق جن درخواست دہندگان کا گزشتہ چار برسوں میں قرعہ اندازی میں نام نہیں آیا ہے اور جن کی عمر 70 برس سے زائد ہے ، انہیں قرعہ اندازی کے بغیر ہی سفر حج پر جانے کی منظوری دی جانی چاہئے ۔ لیکن دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں ایسے درخواست دہندگان کی تعداد اس کے مقررہ کوٹے سے زائد ہے ۔
مسٹر سسودیا نے بتایا کہ وزارت خارجہ، حج سیل او رحکومت کی جانب سے مرتب اور سپریم کورٹ کے ذریعے منظور شدہ ضابطے کے مطابق70برس سے زائد عمر کے عازمین کو براہ راست سفر حج پر بھیجا جائے گا۔ اس لئے ایسے 263عازمین کو چھوڑ کر باقیماندہ900سیٹوں کے لئے عازمین کا ناموں کا آج انتخاب عمل میں آئے گا۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ بھی نکالی جائے گی او رپھر ویٹنگ والوں کو موقع دیا جائے گا۔انہوں نے حکومت ہند او رمرکزی حج کمیٹی سے دہلی کے عازمین کا کوٹہ بڑھانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چوں کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے اور یہاں تمام ریاستوں کے لوگ یہاں رہتے ہیں، دہلی کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، اس لئے عازمین حج کے کوٹے میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ اس کے ساتھ ہی نائب وزیراعلی نے آئندہ سال اضافہ شدہ کوٹے کی منظوری کے ساتھ ملنے کے عزم کا اظہار کیا۔مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین قیصر شمیم نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال2011کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان کو سعودی حکومت کی طرف سے حج کا کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے ، جب مسلمانوں کی کل آبادی تیرہ کروڑ 82الاکھ بتائی گئی تھی، جب کہ 2011کی مردم شماری کے مطابق کوٹہ ملنا چاہئے ۔
انہوں مزید کہا کہ عازمین کا کوٹہ بڑھانے کے سلسلے میں وزیر خارجہ سشماسوراج، نائب وزیر خارجہ جنرل وی کے سنگھ اور حکومت ہند کا ہمیشہ مثبت رویہ رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد حرام کے آس پاس تعمیراتی کام اس سال مکمل ہوجانے کی توقع ہے جس کے پیش نظر آئندہ برس ہندوستان کا اس سے پہلے مقررہ ایک لاکھ 25ہزار کا کوٹہ پھر سے بحال ہونے کی امید ہے ۔انہوں نے دہلی میں حج ہاؤس کی تعمیر کے لئے مناسب جگہ دستیاب کرانے کی دہلی کے وزیر عاصم احمد خان سے اپیل کی تاکہ دہلی کے شایان شان حج ہاؤس کی تعمیرکرائی جاسکے ۔دہلی کے وزیر برائے خوراک و شہری رسدات عاصم احمد خان نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج ہاؤس کی تعمیر کے لئے زمین دستیاب کرانے کی وہ ہرممکن کوشش کریں گے جس کے لئے وہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے جلد ہی بات کریں گے ۔دہلی حج کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر پرویز میاں نے مرکزی حکومت سے دہلی کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اور حکومت ہند کی طرف سے الاٹ شدہ محدود کوٹے کی وجہ سے اس سال دہلی کے لوگوں کو کافی مایوسی ہوگی، اس لئے حکومت کو اس طرف خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔ڈاکٹر پرویز میاں نے بھی دہلی والوں کے لئے نئے حج ہاؤس کی تعمیر کی غرض سے زمین الاٹ کئے جانے کی اپیل کی۔آج کی قرعہ اندازی میں دہلی سے سفر حج پر جانے والے 900عازمین کے ناموں کا انتخاب کیا گیا۔ اس کے لئے دہلی حج کمیٹی کی آج جو ویب سائٹ جاری کی گئی ہے ، وہ انتہائی معلوماتی ہے جس میں حج او رفریضہ حج کے تمام ارکان کی ادائیگی کے طریقے اور آداب بھی بتائے گئے ہیں۔قرعہ اندازی کی اس تقریب میں عام آدمی پارٹی(آپ) کے ممبران اسمبلی عمران حسین، اشراق احمد، دہلی کے ریونیوسکریٹری اشونی کمارکے علاوہ دہلی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اشفاق عارفی اور ڈپٹی سی ای او مسٹر محسن شامل تھے ۔مسٹر قیصر شمیم نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر تین لاکھ 83ہزار افراد نے سفر حج کے لئے درخواستیں دی ہیں جب کہ مرکزی حج کمیٹی کو ایک لاکھ بیس ہزار میں سے اب تک صرف 94ہزار سیٹوں کا ہی کوٹہ ملا ہے ۔