لکھنؤ۔(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی ٹیم سی ایم ۱۱نے آج تیرہویں راجیو گاندھی سلم ساکر نیشنل چیمپین شپ کی فاتح ٹیم کو ایک فٹبال میچ میں چار کے مقابلے پانچ گول سے ہرادیا۔ اس کھیل میں وزیر اعلیٰ نے شاندار مظاہرہ کیا ۔اور اس کے لئے انہیں مین آف دی میچ اور بیسٹ پلیئر کا انعام دیاگیا۔ابھرتے کھلاڑی کا انعام رکن پارلیمنٹ تیج پرتاپ سنگھ یادو کو دیا گیا ۔ بیسٹ گول کیپر کا انعام چیف سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل کو اور بیسٹ ڈفنڈر کا انعام سکریٹری وزیر اعلیٰ
پارتھ سارتھی سین شرما کو دیا گیا۔یہ میچ وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ پر کھیلاگیا تھا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلش یادو نے کہا کہ ان کی حکومت کھیل کو فروغ دینیکیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔اسی کا نتیجہ ہے کہ یہاں کے کھلاڑی ملک اور غیر ممالک میں ریاست کا نام روشن کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ تیرہویں راجیو گاندھی سلم ساکر نیشنل چیمپین شپ کی فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ روپئے کا چیک اور کٹ دی۔اس کے علاوہ تتو فاؤنڈیشن کو بھی پانچ لاکھ روپئے کا چیک دیا۔واضح ہوکہ تیرہویں راجیو گاندھی سلم ساکر نیشنل چیمپین کا اہتمام ناگپور میں ۱۳سے ۱۵فروری کے درمیان کیا گیا تھا۔ جس میں ۱۶ریاستوں کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔فائنل مقابلہ میں ریاست کی ٹیم نے مغربی بنگال کی ٹیم کو ۰۔۵سے شکست دی تھی۔اس مقابلہ میں سب سے اچھے اسکورکا انعام صدام حسین کو دیا گیاتھا۔جنہوںنے ۳۲گول کئے تھے۔اپنی رہائش گاہ پر کھیلے گئے میچ سے قبل وزیر اعلیٰ نے ریاست کی فاتح ٹیم اور وزیر اعلیٰ ۱۱ ٹیم کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا۔وزیر اعلیٰ ۱۱ کی ٹیم میں کپتان اکھلیش یادو کے علاوہ تیج پرتاپ سنگھ یادو،نونیت سہگل، پارتھ سارتھی سین شرما، امیش گپتا،للت پٹیل ،سبھاش مشرا،بھونیش کمار،راج شیکھر ، آر پی سنگھ ، رومی بھائی اور سیم شامل تھے۔یوپی کی فاتح ٹیم میں کپتان صدام حسین ،سرفراز عالم ، نتیش کمار سینی، قمرالدین انصاری،آکاش پاسوان، سنتوش کمار،ابھشیکھ چوہان،ویبھو پرتاپ سنگھ اور نشانت سینی نے حصہ لیا۔اس موقع پر وزیر سیاسی پنشن راجیندر چودھری اور رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو موجود تھیں۔