آسٹریلیا کو سیریز میں 1-0 کی برتری ،ایڈیلیڈ ۔ 3 دسمبر :آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ (کل) جمعرات سے ایڈیلیڈ، اوول میں شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا کو پانچ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 381 رنز سے زیر کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک میچ سے قبل منگل کو ٹریننگ سیشن میں گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائے تاہم آفیشلز کا کہنا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہوکر انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کرینگے۔ انگلش ٹیم مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل کے دفاع کیلئے کوشاں ہے جبکہ دوسری جانب کینگروز اپنی سرزمین اور ہوم کرائوڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایشز کا ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کرنے کے جذبے سے سرشار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز 1876-77ء میں ہوا تھا اور سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی تھی۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 73 ایشز سیریز کھیلی جا چکی ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان شائقین کو ہمیشہ کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ایشز سیریز میں مجموعی طور پر آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے اور اس نے اب تک 36 ایشز ٹائٹل اپنے نام کئے جبکہ انگلش ٹیم کو 31 ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ 6 سیریز ڈرا رہیں۔ 2009ء سے انگلش ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں ناقابل شکست ہے اور اس نے مسلسل تین ایشز ٹائٹل جیت کر ہیٹرک مکمل کر رکھی ہے۔ رواں برس بھی انگلش ٹیم آسٹریلیا کو ایشز میں ہرا چکی ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 13 سے 17 دسمبر تک پرتھ، چوتھا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری2014ء تک سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائیگا۔ جس کے بعد 5 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری 2014ء کو میلبورن، دوسرا ون ڈے میچ 17 جنوری 2014ء کو برسبین، تیسرا ون ڈے میچ 19 جنوری 2014ء کو سڈنی، چوتھا ون ڈے میچ 24 جنوری 2014ء جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 26 جنوری2014ء کو ایڈیلیڈ، اوول میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری 2014ء کو ہوبارٹ، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 31 جنوری 2014ء کو میلبورن جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2 فروری 2014ء کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔