جنوبی افریقہ دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں شکست سے دوچار
گرانٹ ایلیٹ نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہم کنارکیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو چار وکٹ سے ہرا کر پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں منگل کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی
افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور 43 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔آک لینڈ میں بارش کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے میچ روکنا پڑا تھا جس کے بعد میچ انتظامیہ نے اوورز کی تعداد پچاس سے کم کرکے تینتالیس کردی تھی۔
ڈک لوئس فارمولے کے تحت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 43 اوورز ہی میں 298 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو فائنل میں پہنچنے کے لیے 12 رنز درکار تھے۔کریز پر موجود پہلے ڈینیل ویٹوری نے باؤلر ڈیل اسٹین کی گیند پر چوکا لگایا۔پھر ایک رنز بنایا۔آخری دو گیندوں پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پانچ رنز بنانے تھے اوراس کے اسٹار بلے باز گرانٹ ایلیٹ نے اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔