جیل کے ‘فیملی ہاؤس‘ میں مہمانوں کے لیے پنچ ستارہ ہوٹل کی سہولتیں
سعودی عرب میں الحائر جیل میں قید افراد سے ملاقات کے لیے آنے والے خاندانوں اور خواتین کی میزبانی کے لیے پہلی مرتبہ خواتین اسٹاف کا تقرر کیا گیا ہے۔ ابتدائی طورپر جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے خاندانوں کی خدمت کے لیے 25 رکنی خواتین کی ٹیم کو مامور کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں کسی جیل کو پہلی مرتبہ ایک پنج ستارہ ہوٹل کی عمارت میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس جیل میں قیدیوں کو اپنے خاندانوں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ پنج ستارہ ہوٹل کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل برائے جنرل انٹیلی جنس کی منظوری سے جیل
میں ’فیملی ہاؤس‘ قائم کیا گیا ہے جس میں کوئی بھی خاندان اپنے کسی قیدی سے ملاقات کے لیے 24 گھنٹے سے تین دن تک قیام کرسکتا ہے۔ جیل کے ’فیملی ہاؤس‘ میں قیام کے دوران خواتین عملہ میزبان ملاقاتیوں کو تین اوقات کا کھانا دینے کے علاوہ انھیں مشروبات پیش کرنے، صفائی، کپڑوں کی استری اور بچوں کی کھیل کود میں مدد جیسی خدمات انجام دے گا۔
تربیت یافتہ خواتین اسکواڈ کی خدمت کے باوجود اگر کسی ملاقاتی کو کوئی شکایت ہوتو وہ متعلقہ حکام کو اس کے بارے میں آگاہ کرسکتا ہے اور جیل کی سروسز کو بہتر بنانے کے لیے مفید مشورے بھی دے سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پچیس خواتین پر مشتمل عملہ کو جیل میں تعیناتی سے قبل پیشہ وارانہ بنیاد پر تربیت دی گئی ہے۔ انھیں جیل کے ہوٹل میں اور فیملی ہاؤس میں آنے والوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور ملاقاتیوں سے حسن سلوک کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔