آکلینڈ۔نیوزی لینڈ ٹیم کے بلے باز گرانٹ ایلیٹ نے کہا ہے کہ وہ فائنل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرائینگے اور اپنے ملک قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں حریف کوئی بھی ہو اس سے غرض نہیں ہے تمام تر توجہ فائنل میچ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں دبائو کے باوجود اچھی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلانا باعث فخر لمحہ تھا، انہوں نے کہا کہ وہ 1992سے ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے تھے اور میں اس بات پر خوش ہوں ہے کہ میری اننگز ٹیم کی جیت کے کام آئی اور میں اپنی پروٹیز کے خلاف اننگز کو کھبی نہیں بھلا سکتا۔ ایلیٹ نے پروٹیز کے خلاف سیمی فائنل میں اسٹین گن کو آخری اوور کی پانچویں گیند پر شاندار چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو پہلی بار ورلڈ کپ فائنل تک رسائی دلوائی تھی اور وہ سیمی فائنل میں 84 رنز بنا کر ناقابل شکست بھی رہے تھے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور فائنل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ خواہش ہے کہ اپنے ملک کیلئے کچھ کروں اور یقیناً مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میری سمی فائنل اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی بار ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں بھی میری کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کروں۔وہیں دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ جیتنے کیلئے فیورٹ قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ پہلا ورلڈکپ ہے جس میں چار بہترین ٹیموں نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف دبائو میں ہدف کے حصول کے حوالے سے بہترین کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف اعصاب کی جنگ جیت لی اور اب وہ فائنل کے لیے میری فیورٹ ٹیم ہے۔